حرم امام رضا(ع) کے 38 ہزار زائرین اور مجاورین کو کریم اہلبیت(ع) کے دسترخواں پر افطاری کی سعادت نصیب ہوئی
حرم امام رضا(ع) کے منتظم اعلیٰ نے بتایا کہ شبِ ولادت کریم اہلبیت حضرت امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام کے موقع پر حرم امام رضا علیہ السلام اور مشہد مقدس میں افطاری کے 38 ہزار پیکٹ تقسیم کئے گئے ۔
سحرنیوز/ایران: آستان نیوز کی رپورٹ کے مطابق جناب رضا خوراکیان نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کریم اہلبیت حضرت امام حسن مجتبیٰ(ع) کی شبِ ولادت کے موقع پر حرم امام رضا علیہ السلام میں زائرین اور مجاورین کے لئے افطاری کا سب سے بڑا دسترخوان لگایا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ زائرین کی بہتر انداز میں پذیرائی اور میزبانی کے لئے حرم امام رضا(ع) کے ادارہ خدمات زائرین، ادارہ اماکن متبرکہ حرم رضوی اور حضرت امام علی رضا(ع) کے مہمانسرا نے باہمی شراکت سے اس دسترخوان کا اہتمام کیا ، یہ دسترخوان صحن امام حسن مجتبیٰ(ع) میں بچھایا گیا جس پر دس ہزار زائرین و مجاورین نے افطار کیا۔ حرم امام رضا(ع) کے منتظم اعلیٰ نے مزید یہ بتایا کہ حرم کے رواق حضرت زہراء اور امام رضا(ع) کے مہمانسرا میں چار ہزار زائرین اور مجاورین نے افطار کیا۔

جناب خوراکیان نے مزید کہا کہ حرم کے اطراف میں لگائے گئے موکبوں پر بیس ہزار افراد کو افطاری دی گئی اور چار ہزار افطاری پیکٹ مشہد مقدس کے مختلف محلوں اور گھروں میں جا کر دیئے گئے ۔ جناب خوراکیان کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ افطاری کے چالیس ہزار پیکٹ جن میں روٹیاں ، پنیر اور کھجوریں شامل تھیں حرم کے چائے خانوں میں تقسیم کئے گئے جبکہ دودھ ، پنیر اور کھجور پر مشتمل چالیس ہزار پیکٹ حرم کے مختلف صحنوں میں نماز جماعت کے دوران تقسیم کئے گئے ۔