شب انیس رمضان المبارک، شب قدر و شب ضربت
شب انیسویں رمضان المبارک کی شب میں گذشتہ رات ایران سمیت دنیا کے بہت سے ملکوں میں مسلمانوں نے رات بھر شب بیداری کرتے ہوئے تلاوت قرآن مجید اور مختلف دعائیں منجملہ دعائے جوشن کبیر پڑھی اور رات بھر دعا و مناجات میں مصروف رہے۔ اور شب ضربت امیرالمومنین علیہ السلام میں نوحہ و ماتم کیا۔
سحرنیوز/ایران: عاشقان امامت و ولایت نے اتوار کی رات شب ضربت اور پہلی شب قدر کے موقع پر ایران کے تمام چھوٹے بڑے شہروں کی مساجد، امام بارگاہوں اور مقدس مقامات میں مجالس غم برپا کرکے جہاں تاریخ اسلامی و انسانی کی مظلوم ترین ہستی مولائے کائنات حضرت علی ابن ابیطالب علیہ السلام کے غم میں اشک ماتم بہائے اور نوحہ خوانی و سینہ زنی کی وہیں پہلی شب قدر کے اعمال بجا لا کر رب کائنات کے حضور عبادت و نیائش اور راز ونیاز کا انتہائی خوبصورت معنوی جلوہ پیش کیا۔
اس موقع پر مشہد مقدس میں فرزند رسول حضرت امام رضا علیہ السلام کا روضہ اطہر لاکھوں زائرین اور مجاورین سے مملو رہا جو ایران کے دور و نزدیک کے شہروں اور حتی دنیا کے مختلف ملکوں سے وہاں پہنچے تھے۔