Apr ۰۹, ۲۰۲۵ ۱۷:۲۷ Asia/Tehran
  • مذاکرات صرف ایٹمی موضوعات پر ہوں گے: ایرانی وزیر خارجہ

ایران کے وزیرخارجہ سید عباس عراقچی نے الجزائر ميں ایک نشست میں کہا ہے کہ امریکہ کے ساتھ صرف ایٹمی موضوعات اور پابندیوں کے خاتمے کے بارے میں مذاکرات ہوں گے۔

سحرنیوز/ایران: ایران کے وزير خارجہ سید عباس عراقچی نے جو الجزائر کے حکام کے ساتھ باہمی تعلقات اور بین الاقوامی مسائل کے بارے میں تبادلہ خیال کے لئے اس ملک کے دورے پر ہيں، الجزائر کے دانشوروں اور ثقافتی و صحافتی شخصیات کے ساتھ ایک نشست میں مختلف خارجہ موضوعات کے بارے میں ایران کے اصولی موقف پر تفصیل سے روشنی ڈالی ۔ ایران کے وزيرخارجہ نے اس نشست میں فلسطینی استقامت اور اپنی تقدیر کا فیصلہ کرنے کے ان کے حق کی حمایت کرتے ہوئے ایران کے ایٹمی موضوع پر بھی کھل کر روشنی ڈالی ۔ سید عباس عراقچی نے فلسطین پر غاصبوں کے اسّی سالہ قبضے اور لبنان و شام کے خلاف صیہونی حکومت کی مسلسل جارحیتوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فلسطین و لبنان کے عوام کی جائز استقامت کی حمایت کو تمام حکومتوں کی قانونی و اخلاقی ذمہ داری قرار دیا اور تاکید کے ساتھ کہا کہ گذشتہ اسّی سال کے تجربے سے پتہ چلتا ہے کہ اسرائيلی حکومت کی جنگ افروزی روکنے کا استقامت کے سوا کوئي راستہ موجود نہيں ہے۔

ایران کے وزيرخارجہ نے امریکہ و بعض مغربی حکومتوں کی جانب سے صیہونی حکومت کی اسلحہ جاتی ، مالی و سیاسی مدد و حمایت کے ذریعے غزہ کے عوام کی نسل کشی میں شرکت پر شدید تنقید کی اور اسرائیلی جارحیتوں کے مقابلے ميں فلسطین کے دفاع کے لئے مسلم امہ اور اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد و یکجہتی کی ضرورت کی یاد دہانی کرائی ۔ ایرانی وزيرخارجہ سید عباس عراقچی نے ایران کے ایٹمی موضوع کے باے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے اصولی موقف کی وضاحت کرتے ہوئے ، ایٹمی سرگرمیوں کی ماہیت کے سلسلے میں کسی بھی طرح کے شک و شبہے کو دور کرنے کے لئے ایران کے ذمہ دارانہ رویّے کی تاریخ بیان کرتے ہوئے ایٹمی سمجھوتے اور پھر اس سے امریکہ کے غیرقانونی طور پر باہر نکلنے کی وضاحت کی ۔ سید عباس عراقچی نے موجودہ صورت حال اور امریکہ کے ساتھ بالواسطہ مذاکرات پر ایران کی آمادگي کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مسقط میں انجام پانے والے مذاکرات سفارتکاری اور امریکہ کی سنجیدگی کو پرکھنے کا ایک نیا موقع ہے کہ جس کی تاریخ بدعہدی اور یکطرفہ اقدامات سے بھری ہوئي ہے ۔

 

ٹیگس