یوم فردوسی، فارسی زبان کے شہرہ آفاق شاعر حکیم ابوالقاسم فردوسی
آج ایران میں فارسی زبان کے معروف اور شہرہ آفاق شاعر فردوسی کو یاد کیا جا رہا ہے۔
سحرنیوز/ایران: ایرانی کیلینڈر کے دوسرے مہینے، اردیبہشت کی پچیس تاریخ مطابق پندرہ مئی کو یوم فردوسی کا نام دیا گیا ہے۔ فارسی زبان کے شہرہ آفاق شاعر حکیم ابوالقاسم فردوسی، دنیا کے عظیم اور نامور شاعروں میں شمار ہوتے ہیں جنہوں نے پچاس ہزار اشعار کے اپنے مجموعے شاہنامے میں ایران کی قومی اور تاریخی داستانوں کی نہایت حسین اور مؤثر انداز میں تصویرکشی کی ہے۔
فردوسی کے شاہنامے کو جہاں ایران میں قومی فخریہ کارنامے کے طور پر دیکھا جاتا ہے وہیں اُسے دنیا بھر میں بھی خاصی شہرت حاصل ہے اور یہ کتاب فارسی زبان کے اہم ترین مآخذ میں شمار ہوتی ہے۔ تاریخ کے مطابق تیس سال کے عرصے میں تیار ہونے شعری مجموعہ شاہنامہ آج ہی دن اپنے اختتام کو پہنچا تھا جس کی بنا پر آج کے دن کو یوم فردوسی کا نام دیا گیا ہے۔