امریکی دباؤ کی وجہ سے عالمی اداروں کا وقار و ان پر اعتماد مجروح ، اسلامی
ایران کے ایٹمی توانائی کے قومی ادارے کے سربراہ نے کہا ہے کہ امریکہ کے دباؤ میں آکر آئی اے ای اے اور دیگر عالمی اداروں نے اپنا اعتبار کھو دیا ہے۔
سحرنیوز/ایران:
محمد اسلامی نے کہا کہ ایران نے ایٹمی توانائی کے قومی ادارے میں شمولیت کے معاہدے کو اپنی پارلیمنٹ میں منظور کیا ہے اور ان قوانین کا پابند ہے لہذا یہ بات ہرگز قابل قبول نہیں کہ ہمیں باہر سے کسی قسم کا حکم دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ایٹمی توانائی جیسے ترقی یافتہ علم تک دسترسی ہر قوم کا بنیادی حق ہے اور کسی کو بھی ایران سمیت کسی ملک پر دباؤ ڈالنے اور اسے محدود کرنے کا حق حاصل نہیں ہے۔
محمد اسلامی نے زور دیکر کہا کہ یہ دوہرے معیار ناقابل قبول ہیں۔انہوں نے زور دیکر کہا کہ اس وقت ایران میں آئی اے ای اے کے 130 معائنہ کاروں کا آنا جانا لگا ہوا ہے اور پلان شدہ یا اچانک معائنے کا سلسلہ بھی جاری ہے لہذا یہ بات نہیں کہی نہیں کہ ایران کا کوئی خفیہ ایٹمی منصوبہ ہے یا رہ چکا ہے۔
محمد اسلامی نے آئی اے ای اے کے مطالبات اور اقدامات کو سیاست زدہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم کسی بھی اشتعال انگيز اقدام سے متاثر ہوئے بغیر اپنے واضح اور اصولی منصوبوں پر مستحکم طریقے سے آگے بڑھتے رہیں گے۔"