اسرائيل پر ایران کا تیسرا میزائل حملہ، دن کی روشنی میں ، نیتن یاہو کا گھر بھی نشانے پر+ویڈیو
اسلامی جمہوریہ ایران نے اسرائيل کے خلاف تیسرا میزائل حملہ دن کی روشنی میں شروع کر دیا ہے اور خبروں کے مطابق ان میزائلوں نے تل ابیب میں کئی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔
سحر نیوز/ ایران:یہ پہلی بار ہے کہ جب ایران نے دن کی روشنی میں صیہونی حکومت پر میزائلوں کی بارش کی ہے۔
ایران سے غاصب صیہونی حکومت پر میزائلی حملوں کی تازہ لہر کے بعد بعض صیہونی میڈیا نے رپورٹ دی ہے کہ ایران سے فائرکیا گیا ایک میزآئل نتن یاہو کی رہائشگاہ پر گرا ہے
ایران کی جانب سے مقبوضہ فلسطین پر میزائلی حملوں کی نئی لہر کے بعد مقبوضہ فلسطین کے مختلف صیہونی شہروں اور قصبوں میں خطرے کے سائرن بج اٹھےاور شمالی مقبوضہ فلسطین میں مہیب دھماکوں کی آوازیں سنی گئيں۔
اس رپورٹ کے مطابق صیہونی فوج نے کہا ہے کہ نئی لہر میں ایران سے صیہونی حکومت پر پچاس میزائل فائر کئے گئے۔
رپورٹوں ميں بتایا گیا ہے کہ شمالی مقبوضہ فلسطین کے کئی شہروں اور قصبوں میں خوفناک دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔
صیہونی حکومت کے چینل بارہ کے حوالے سے سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران نے صیہونی حکومت کی جارحیت کے جواب کی سطح بڑھا دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
دوسری طرف صیہونی ذرائع نے رپورٹ دی ہے کہ ایران کے تازہ میزائلی حملوں میں غاصب صیہونی حکومت کے وزیر اعظم کا گھر اور شہر الخضیرہ کا پاور ہاؤس نشانہ بنا ہے۔
صیہونی حکومت کے اندرونی ذرائع نے خبردار کیا ہے کہ مقبوضہ فلسطین کے ساکنین صرف دس منٹ کے لئے نہیں بلکہ تا اطلاع ثانوی پناہ گاہوں میں ہی رہیں۔