Jun ۲۴, ۲۰۲۵ ۱۵:۴۰ Asia/Tehran
  • ایران و قطر کے وزرائے خارجہ کی گفتگو

ایران اور قطر کے وزرائے خارجہ نے علاقے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا ہے۔

سحر نیوز/ ایران: وزیر خارجہ ایران سید عباس عراقچی نے اپنے قطری ہم منصب شیخ محمد بن عبد الرحمان آل ثانی سے ٹیلیفونک گفتگو میں صیہونی حکومت اور پھر امریکہ کی ایران پر جارحیت کے بعد کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

ایران کے وزیر خارجہ نے تہران دوحہ دوستانہ اور مستحکم تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے دونوں ممالک کے مابین ہمہ جہتی تعاون کے مزید فروغ کے سلسلے میں ایران کے عزم کا اعادہ کیا۔عباس عراقچی نے کہا کہ ایران نے قطر میں امریکہ کی العدیدہ فوجی چھاؤنی کو اپنے دفاع کا قانونی حق استعمال کرتے ہوئے نشانہ بنایا اور یہ درحقیقت امریکہ کی اُس جارحیت کے جواب میں تھا جو اُس نے بائیس جون کو ایران کی خودمختاری کے خلاف کی تھی۔

وزیر خارجہ ایران نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ایران کی جوابی کارروائی قطعی طور پر دوست اور برادر ملک قطر کے خلاف نہیں تھی۔

ایران کے وزیر خارجہ نے صیہونی حکومت اور امریکہ کی شرارتوں کا ذکر کرتے ہوئے اس بات پر تاکید کی کہ اسلامی جمہوریہ دشمن کی شرارتوں کے نتیجے میں ہرگز علاقائی ممالک کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو متاثر نہیں ہونے دے گا۔

سید عباس عراقچی نے اسی طرح ایران پر صیہونی جارحیت کی مذمت کرنے اور کشیدگی کو بڑھنے سے روکنے کے لئے تعمیری جدو جہد کرنے پر قطر کے اعلیٰ حکام کی قدردانی کی۔

اس گفتگو میں وزیر خارجہ قطر نے بھی علاقے کی سلامتی، سکیورٹی اور استحکام کی راہ میں تعمیری کردار ادا کرنے کے حوالے سے اپنے ملک کے عزم کا اعادہ کیا۔

ٹیگس