ایران پر دوبارہ جارحیت ہوئی تو اس بار اسرائیل کے خاتمے کی تاریخ رقم ہوگی؛ ایران کے رکن پارلیمنٹ
ایران کی پارلیمنٹ کے قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے رکن علاء الدین بروجردی نے کہا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت اگر پھر سے کوئی غلطی کرے اور ایران کو جارحیت کا نشانہ بنائے تو اس غاصب حکومت کے خاتمے کی تاریخ رقم ہوگی۔
سحرنیوز/ایران: ایران کی پارلیمنٹ کے قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے رکن علاءالدین بروجردی نے کہا کہ ہم نے دنیا میں کہیں بھی کبھی جارحیت کا آغاز نہیں کیا اور نہ ہی کبھی ایسا ہو سکتا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کسی بھی قسم کی جارحیت کا آغاز کرے تاہم غاصب صیہونی حکومت اگر پھر سے کوئی غلطی کرے اور ایران کو جارحیت کا نشانہ بنائے تو ایران کی مسلح افواج اس غاصب حکومت کو تباہ کر دینے والا جواب دینے کے لئے مکمل تیار ہیں اور یقینا دنیا اسی بات کا مشاہدہ بھی کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف بارہ روزہ جنگ و جارحیت میں دشمن نے ایران سے پرامن جوہری ٹیکنالوجی چھیننے کی پوری کوشش کی اور اس کےلئے ہر طرح کے مکر و فریب کی چالیں بھی چلی گئیں مگر ایران کی مسلح افواج نے دشمنوں کے دانت کھٹے کر دیئے اور ایران کے سائنسدانوں نے دشمنوں کا خواب چکناچور کر دیا اور ایران کے خلاف دشمنوں کے سارے عزائم یونہی خاک میں ملتے رہیں گے۔