قوم کے حقوق کے دفاع میں مسلح افواج کے ساتھ قدم بہ قدم: ایرانی وزیر خارجہ
ایرانی وزیر خارجہ نے مسلح افواج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی مفادات کی حفاظت میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں برتی جائے گی۔
سحرنیوز/ایران: ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوری ایران کی وزارت خارجہ، مسلح افواج کے ہمراہ اور ملت ایران کے پختہ عزم پر اعتماد کرتے ہوئے، ایرانی قوم کے مشروع اور قانونی حقوق کے دفاع میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں کرے گی۔
وزیر خارجہ نے تہران میں مقیم غیرملکی سفیروں اور اعلی سطحی نمائندوں کے ساتھ ہونے والی ایک اہم نشست کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس ملاقات میں انہوں نے اسرائیل اور امریکہ کی جانب سے ایران پر مسلط کردہ تازہ جنگی اقدامات کے تناظر میں ایران کے اصولی اور ٹھوس مؤقف کو واضح طور پر بیان کیا۔
انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ، مسلح افواج کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر، ملت ایران کی مزاحمت، بصیرت اور استقلال کے سائے میں ایرانی عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے بین الاقوامی سطح پر ہر ممکن سیاسی اور قانونی قدم اٹھائے گی۔
عراقچی نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوری ایران ظلم، تجاوز اور دباؤ کے خلاف ایک واضح اور متوازن حکمت عملی رکھتا ہے اور سفارتی محاذ پر پوری طاقت کے ساتھ سرگرم عمل ہے تاکہ بین الاقوامی برادری پر یہ واضح کیا جاسکے کہ ایرانی عوام کی عزت، وقار اور حقوق کسی صورت میں قابل چشمپوشی نہیں ہیں۔