مشترکہ دشمن کے خلاف یکجہتی وقت کا تقاضا ہے، ایرانی صدر
ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ اسرائیلی رژیم خطے کو کمزور اور وسائل پر قبضہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے، اس لیے ایران، عراق اور دیگر اسلامی ممالک کو متحد ہو کر اس مشترکہ دشمن کا مقابلہ کرنا ہوگا۔
سحرنیوز/ایران: منگل کے روز تہران میں عراقی وزیر داخلہ عبد الامیر الشمری سے ملاقات کے دوران ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا کہ خطے میں امن و سلامتی کو درہم برہم کرنے میں صیہونی حکومت کا کردار تباہ کن رہا ہے، جو کہ تسلط پسند عالمی نظام کا ایک منصوبہ ہے جس کا مقصد اسلامی ممالک کو کمزور کرنا، ان پر قبضہ جمانا اور ان کے وسائل کو لوٹنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور عراق کے درمیان تعلقات برادرانہ ہیں، جو گہرے مذہبی اور ثقافتی رشتوں پر مبنی ہیں۔
ایرانی صدر نے کہا کہ ہم عراق سمیت تمام اسلامی ممالک کے عوام اور حکومتوں کو اپنا بھائی سمجھتے ہیں اور امت مسلمہ میں اتحاد، یکجہتی اور اخوت کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔
اربعین کے دوران عراقی عوام کی میزبانی پر شکریہ
صدر پزشکیاں نے اربعین کے موقع پر ایرانی زائرین کے لیے عراقی حکومت اور عوام کی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اس دینی تعاون کو دیگر شعبوں تک وسعت دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے اربعین کے سلسلے میں ایران و عراق کے درمیان ہم آہنگی، سرحدی منڈیوں کو فعال کرنے، مشترکہ سرمایہ کاری اور تعلیمی تبادلے جیسے شعبوں میں مزید تعاون کے لیے سنگ میل ثابت ہوگی۔
عراقی وزیر داخلہ کی جانب سے ایرانی عوام کی مزاحمت کو خراج تحسین
اس موقع پر عراقی وزیر داخلہ عبد الامیر الشمری نے عراقی وزیر اعظم محمد شیاع السودانی کی جانب سے صدر ایران کو نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا اور دشمن غاصب اسرائیل کے خلاف ایرانی عوام کی مزاحمت کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ عراقی حکومت اربعین کے موقع پر لاکھوں زائرین کی میزبانی کے لیے ٹرانسپورٹ، صحت اور سیکیورٹی کے شعبوں میں تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ ہم آہنگی اور تعاون اس وقت تک جاری رہے گا جب تک آخری زائر بھی عراق سے روانہ نہیں ہو جاتا۔