Jul ۱۸, ۲۰۲۵ ۰۶:۵۸ Asia/Tehran
  • شام پر صیہونی حکومت کی جارحیت، ایران کی وزارت خارجہ کی مذمت

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے شام کے مختلف علاقوں بالخصوص دمشق پر صیہونی حکومت کے وسیع پیمانے پر فوجی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

سحرنیوز/ایران: اسماعیل بقائی نے شام کے خلاف صیہونی فضائی حملوں میں شدت، شام کے بڑے حصے پر قبضے کی کوشش اور عوامی و سرکاری تنصیبات اور مقامات کو نشانہ بنائے جانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آج سب پر واضح ہو گیا ہے کہ صیہونی حکومت علاقے میں امن و استحکام کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حکومت نے امریکی اسلحے اور بعض مغربی ممالک، خاص طور پر جرمنی، انگلینڈ اور فرانس کی سیاسی حمایت سے بین الاقوامی امن و سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔وزارت خارجہ کے ترجمان نے علاقے کی حالیہ دو برسوں کے حالات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ شام میں جو ہو رہا ہے وہ صیہونیوں کے جنگی جنون، تسلط پسندی اور اس کے ہاتھوں نسل کشی پر خاموشی اور کوئی اقدام نہ کئے جانے کا نتیجہ ہے اور اس کے اثرات شام کے مظلوم عوام تک ہی محدود نہيں رہيں گے بلکہ پورے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیں گے۔
اسماعیل بقائی نے امن و استحکام کے سلسلے میں علاقے کے ممالک کی مشترکہ ذمہ داریوں کا ذکر کیا اور علاقے میں غاصب صیہونی حکومت کی خطرناک توسیع پسندی اور جنگی جنون کو روکنے کے لئے اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم سے فوری اور موثر اقدام کا مطالبہ کیا۔ 

ٹیگس