ایران اور یورپی ٹرائیکا کے درمیان مذاکرات، ایرانی نائب وزیر خارجہ کا بیان
ایرانی نائب وزیر خارجہ تخت روانچی نے کہا ہے کہ استنبول مذاکرات میں ایران نے یورپی ممالک کے موقف کو مسترد کرتے ہوئے یورینییم افزودگی کے حق پر زور دیا۔
سحرنیوز/ایران: ایران کے نائب وزیر خارجہ مجید تخت روانچی نے کہا ہے کہ استنبول میں ایران اور تین یورپی ممالک کے درمیان ہونے والے جوہری مذاکرات میں اسلامی جمہوریہ ایران نے ظالمانہ اور غیر منصفانہ پابندیوں کے خاتمے اور یورینیم افزودگی کے حق پر زور دیا۔ مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تخت روانچی نے کہا امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر جارحانہ حملے اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں اور ان حملوں پر یورپی ممالک کی خاموشی اور جانبداری ناقابل قبول ہے۔
اس موقع پر نائب وزیر برائے بین الاقوامی و قانونی امور، کاظم غریب آبادی نے بھی کہا کہ مذاکرات نہایت سنجیدہ، شفاف اور تفصیلی تھے، جن میں پابندیوں کے خاتمے، جوہری سرگرمیوں اور اس سے متعلق مخصوص نکات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ غریب آبادی کے مطابق وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کی جانب سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو ایک احتجاجی خط ارسال کیا گیا ہے، جو سلامتی کونسل کے تمام ارکان کو بھی بھیجا گیا ہے۔