Aug ۰۱, ۲۰۲۵ ۰۷:۲۳ Asia/Tehran
  • ایران اور پاکستان کے اسپیکرز کی ملاقات، صیہونی جارحیت پر پاکستانی موقف کی قدردانی

ایرانی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی اور پاکستان کی قومی اسمبلی کے سربراہوں نے غاصب صیہونی حکومت کی منحوس اور خطرناک سازشوں کے مقابلے میں اسلامی ملکوں کے اتحاد اور یک جہتی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

سحرنیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر ڈاکٹر محمد باقر قالیباف اور پاکستان قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے جنیوا میں ایک دوسرے سے ملاقات اور خطے کے موجودہ حالات پر تبادلہ خیال کیا۔ ایران کے اسپیکر ڈاکٹر قالیباف نے اس ملاقات میں ایران کے خلاف امریکا اور غاصب صیہونی حکومت کی حالیہ جارحیت کے تعلق سے پاکستان کے موقف اور ہمہ گیر تعاون کی قدردانی کی۔ انہوں نے کہا کہ غاصب صیہونی حکومت کی جارحیت میں ہمارے کئی سینیئر فوجی افسران اور ممتاز سائنسداں شہید ہوگئے۔ڈاکٹر قالیباف نے کہا کہ اسرائیلی حکومت کی یہ جارحیت امریکا کے مکمل تعاون سے انجام پائی تھی لیکن اسلامی جمہوریہ ایران نے جارحین کو دنداں شکن جواب دیا۔
ایران کے اسپیکر نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل اسلامی ملکوں کی تقسیم کے درپے ہیں، لہذا ان کے مقابلے میں ڈٹ جانے اور بھر پور مقاومت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی ملکوں کو مل کر، غزہ میں انسانی المیہ اور صیہونی توسیع پسندی روکنے کےلئے ضروری اقدام کرنا چاہئے۔ ڈاکٹر قالیباف نے کہا کہ اگر یہ نہ کیا گیا تو اس وقت شام ميں جو کچھ ہو رہا ہے وہ دوسرے ملکوں میں بھی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ صیہونی جارحیت پر ایران کے منھ توڑ جواب نے ثابت کردیا ہے کہ صیہونی کو شکست دی جاسکتی ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے اسپیکر نے اس ملاقات میں ایران اور پاکستان کے درمیان اقتصادی و تجارتی نیز سرحدوں پر سیکورٹی میں تعاون کی تقویت پر زور دیا۔ 

ٹیگس