Sep ۰۹, ۲۰۲۵ ۱۶:۱۵ Asia/Tehran
  • صدر ایران نے ونیزوئلا کی ارضی سالمیت اوراس ملک کے عوام کی حمایت پر زور دیا ہے

صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے ونزوئلا کے صدر کے ساتھ ٹیلیفونی گفتگو میں کہا ہے کہ ایران کے تجربے نے ثابت کردیا ہے کہ ہمارے ملک کے خلاف امریکا اور صیہونی حکومت کے حملوں کی شکست، ملی اتحادویک جہتی کا نتیجہ ہے جس نے ہماری قوم کو لازوال طاقت عطا کردی ہے اور جب تک یہ اتحاد باقی ہے کوئی بھی طاقت ہمارے ملکوں پر وار نہیں لگا سکتا۔

سحرنیوز/ایران:  صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے پیر 8 ستمبر کی شام ونزوئلا کے صدر نکولس مادورو کے ساتھ ٹیلیفون پرعلاقائی اور بین الاقوامی حالات بالخصوص ونزوئلا کے خلاف امریکا کے حالیہ اشتعال انگیز اقدامات  پر تبادلہ خیال کیا۔

 صدر ایران نے اس ٹیلیفونی گفتگو میں کہا کہ ایران کے حالیہ تجربے نے ثابت کردیا ہے کہ ہمارے ملک کے خلاف امریکا اور صیہونی حکومت کے جارحانہ اہداف کی ناکامی ملی اتحاد اور اندرونی یک جہتی کا نتیجہ ہے جس نے ہماری قوم کو لازوال طاقت عطا کردی ہے اور جب تک یہ اتحاد محفوظ ہے کوئی بھی بیرونی طاقت ہمارے ملکوں پر وار لگانے  میں کامیاب نہیں ہوسکتی ۔

 صدر ڈاکٹرمسعود پزشکیان نے اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے ونزوئلا کی ٹھوس حمایت پر زور دیا اور کہا کہ ایران ملکوں کی ارضی سالمیت کے خلاف ہر جارحیت کی مذمت اور ونزوئلا کی ارضی سالمیت اور عوام کی حمایت  کرتا ہے۔

 انھوں نے کہا کہ امید ہے کہ ونزوئلا میں جو اتحاد ویک جہتی پائی جاتی ہے اس کے سائے میں یہ ملک عزت و ترقی کے راستے میں سربلند اور کامیاب رہے گا۔

  صدر ایران نے اسی کے ساتھ دوست اور اتحادی ملک ونزوئلا کے ساتھ مشترکہ تعاون میں زیادہ سے زیادہ توسیع کے لئے آمادگی کا بھی اعلان کیا۔

 ونزوئلا کے صدر نکولس مادورو نے اس ٹیلیفونی گفتگو میں اپنے ملک کے اتحاد ویک جہتی پر زور دیا اور کہا کہ آج ونزوئلا، حکومت ، عوام اور مسلح افواج میں پائی جانے والی مثالی وحدت و یک جہتی کی بدولت  ایسی طاقت  کا مالک ہے جو ہرخطرے اور جارحیت سے ہمیں محفوظ رکھے گی۔

انھوں نے کہا کہ ہم مکمل طور پر پرسکون ہیں لیکن  ہرخطرے اور جارحیت کے مقابلے کے لئے پوری طرح آمادہ ہیں۔

مادورو نے کہا کہ ملک کے دفاع کے لئے حالیہ لام بندی کی اپیل پر 80 لاکھ سے زآئد لوگوں کا آجانا ہمارے ملک کے عوام میں ملی جذبے اور عزم راسخ کا ثبوت ہے۔

 ونزوئلا کے صدر نے  ایران کی حمایت کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ آج ایران اور ونزوئلا ہر زمانے سے زیادہ متحدہ ہیں ۔

 

ٹیگس