Sep ۱۶, ۲۰۲۵ ۱۴:۰۲ Asia/Tehran
  • صہیونی حکومت کے ہاتھوں بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی دنیا کو درپیش بڑا خطرہ، عراقچی

ایرانی وزیر خارجہ نے اسرائیل کے ہاتھوں عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کو عالمی نظام کے لئے بڑا خطرہ قرار دیا ہے۔

سحرنیوز/ایران: ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ دنیا کو صہیونی حکومت کی غنڈہ گردی اور جارحانہ رویے سے بڑا خطرہ درپیش ہے۔

تفصیلات کے مطابق تہران میں ایران اور اقتصادی تعاون تنظیم کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عراقچی نے کہا کہ گذشتہ دو سالوں میں خطے اور دنیا کو بڑے چیلنجز کا سامنا رہا، جن میں بعض عالمی طاقتوں کی مدد سے صہیونی حکومت کی بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزیاں شامل ہیں۔

ایرانی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ آج دنیا یکطرفہ پالیسیوں کی لپیٹ میں ہے۔ یہ خطرناک رجحان عالمی نظام کو کمزور کر رہا ہے اور علاقائی و عالمی امن و سلامتی کے لیے سنگین چیلنج بن چکا ہے۔ ان حالات میں کثیر الجہتی اداروں اور تنظیموں کو مزید مضبوط بنانے اور نئے تعاون پر مبنی اتحاد قائم کرنے کی ضرورت کئی گنا بڑھ گئی ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ ترقی پذیر ممالک کے لیے کثیرالجہتی تعاون اب کوئی انتخاب نہیں بلکہ ایک لازمی ضرورت ہے۔

ایران کے خلاف امریکی ظالمانہ یکطرفہ پالیسیوں اور صہیونی رژیم کے خطرناک اقدامات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے عراقچی نے کہا کہ مشکل حالات میں بھی ایران نے ہمیشہ اپنے فرائض ادا کیے ہیں اور علاقائی و عالمی اقتصادی اور ترقیاتی تعاون میں ایک فعال اور مؤثر کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ECO تنظیم پڑوسی ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کا کامیاب ماڈل بن سکتی ہے۔ رکن ممالک ECO کی اہمیت سے آگاہ ہیں اور اب ضروری ہے کہ سب مل کر ایک مضبوط اور کارآمد ECO کی تشکیل کے لیے قدم اٹھائیں۔

عراقچی نے مزید کہا کہ ECO خطے میں ایک نئے اقتصادی ڈھانچے کی تشکیل میں رہنما کردار ادا کرسکتی ہے، جو شراکت، باہمی احترام اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہو۔

ٹیگس