اسلامی تعاون تنظیم کو مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے میں فعال کردار ادا کرنا ہوگا، عراقچی
ایرانی وزیر خارجہ نے غزہ میں جاری نسل کشی اور خطے میں اسرائیلی جارحیت کو مشترکہ اسلامی ردعمل کا متقاضی قرار دیتے ہوئے زور دیا کہ اسلامی تعاون تنظیم کو مسلم دنیا کے مفادات کے تحفظ اور علاقائی بحرانوں کے حل میں مؤثر اور متحد کردار ادا کرنا چاہیے۔
سحرنیوز/ایران: ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اسلامی تعاون تنظیم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ علاقائی بحرانوں، خصوصاً غزہ میں جاری جنگ سے نمٹنے کے لیے زیادہ مؤثر کردار ادا کرے۔
او آئی سی میں یران کے نئے سفیر اور مستقل نمائندے محمد حسن شیخالاسلامی سے ملاقات کے دوران عراقچی نے مسلم ممالک کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا تاکہ اسلامی دنیا کے مفادات کا تحفظ کیا جا سکے اور مشترکہ چیلنجز کا سامنا کیا جاسکے۔
انہوں نے غزہ میں جاری نسل کشی اور خطے میں اسرائیلی جارحیت کو ایسے مسائل قرار دیا جن سے نمٹنے کے لیے اجتماعی اقدام کی ضرورت ہے۔
شیخالاسلامی نے اپنی تعیناتی سے قبل OIC کی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے رکن ممالک کے درمیان یکجہتی کو فروغ دینے کے لیے اپنے منصوبے پیش کیے۔
اس سے قبل شیخ الاسلامی نائب وزیر خارجہ، انسٹیٹیوٹ فار پولیٹیکل اینڈ انٹرنیشنل اسٹڈیز کے سربراہ، اور وزارت خارجہ کے اسکول آف انٹرنیشنل ریلیشنز کے صدر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔