Oct ۱۸, ۲۰۲۵ ۰۹:۴۲ Asia/Tehran
  • ایران اپنے اصولی مؤقف پر کسی قسم کی مصالحت یا مذاکرات کا خواہاں نہیں، سید عباس عراقچی

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا ہے کہ تہران اپنے مسلمہ حقوق پر کسی سے مذاکرات کرے گا اور نہ ہی سیاسی دباؤ قبول کرے گا۔

سحرنیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی یہ بات، قرارداد 2231 کی میعاد ختم ہونے کے موقع پر سوشل میڈیا ہنڈل ایکس پر اپنے ایک پیغام میں کہی۔

 وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ایران کے مسلمہ حقوق پر کوئی گفت و شنید نہیں کی جائے گی اور نہ سیاسی دباؤ قبول کیا جا‎ئے گا۔

انہوں نے  کمپالا میں منعقدہ ناوابستہ تحریک کے وزرا خارجہ کے حالیہ اجلاس کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ دنیا کے 120 سے زائد ممالک نے اس حقیقت کو تسلیم کرتے ہوئے ایران کے موقف کی حمایت کی ہے  کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد  2231 کی میعاد کل بروز ہفتہ 18 اکتوبر کو ختم ہو جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح نہ صرف ایران کے خلاف سلامتی کونسل کی تمام پابندیاں بھی ختم ہو جائیں گی بلکہ ایران کا معاملہ سلامتی کونسل کے ایجنڈے سے بھی خارج ہوجاۓ گا۔

 ایران کے وزیر خارجہ کا اپنے ٹو‏ئٹ میں کہنا تھا کہ جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے معاہدے این پی ٹی  پر دستخط کنندہ کے طور پر، بدستور اپنے حقوق اور ذمہ داریوں کا پابند رہے گا۔

 سید عباس عراقچی نے کہا کہ مٹھی بھر الگ تھلگ حکومتوں کے ذریعے کیے گئے غیر قانونی اقدامات کو دنیا بھر کے ممالک کی اکثریت نے مسترد کر دیا ہے۔ جوممالک حقا‏‏‏ئق کو مسخ کرنے پر اصرار کر رہے ہیں وہ اس  رویئے کی وجہ سے  مزید الگ تھلگ ہو جائیں گے۔

ٹیگس