بعید ہے کہ ہمارے دشمن اب دوبارہ کوئی غلطی کریں: میجر جنرل عبدالرحیم موسوی
ایران کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف جنرل عبدالرحیم موسوی نے کہا ہے کہ اگرچہ ہمارے دشمن فطری طور پر وحشی اور جارح ہیں لیکن بعید ہے کہ جو ضرب ان کو لگی ہے اس کے بعد کوئی اور غلطی کریں۔
سحر نیوز/ ایران: ارنا کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل سید عبدالرحیم موسوی نے فوجی یونیورسٹیوں کے فارغ التحصیل طلبا کے جلسۂ تقسیم اسناد میں طلبا کو مبارک باد دیتے ہوئے انہیں مزاحمتی محاذ کے افسر اور مستقبل کے فوجی کمانڈر قرار دیا اور کہا کہ آپ کا زمانۂ طالب علمی ایک خاص اور بے نظیر دور تھا، آپ نے دنیا کے تسلط پسندوں کے خلاف ایمان کی بنیاد پر پوری قوت کے ساتھ مزاحمت اور کامیابی کا مشاہدہ کیا۔
میجر جنرل عبدالرحیم موسوی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ آج دنیا ایران کی شجاعت، ایمان، عزم و ارادے اور یکجہتی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور دنیا کو مزاحمت کی طاقت پر یقین ہو گیا ہے کہا کہ آج فلسطین دنیا کا محبوب نام ہے اور غزہ مزاحمت اور تلوار پر خون کی فتح کی علامت ہے۔
مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل عبدالرحیم موسوی نے آپریشن طوفان الاقصیٰ کے نتائج کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ آپریشن خطے اور دنیا میں عظیم واقعات کا سرچشمہ تھا، امریکی اور صیہونی، جنہوں نے اپنی میڈیا برتری کے ساتھ برسوں تک خود کو حق بجانب ظاہر کیا، پوری طرح سے رُسوا اور بے نقاب ہو گئے۔ ان کا مجرمانہ، خوں خوار اور بچوں کا قاتل چہرہ پوری دنیا کے سامنے آ گیا اور فلسطین، جسے یکسر فراموش کیا جا رہا تھا، دنیا کا سر فہرست مسئلہ بن گیا۔ حق اور ظلم کی فریاد دنیا کے کانوں تک پہنچی اور باطل پرست اور تسلط پسند عناصر کو ہزیمت اٹھانی پڑی۔