ایران، طیارہ سازی کی صلاحیت کے حامل چند ممالک میں شامل
اسلامی جمہوریہ ایران بھی طویل تحقیقاتی عمل کے بعد دنیا کے ان چند ممالک میں شامل ہو گیا ہے جو طیارہ سازی کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
سحر نیوز/ ایران:
سیمرغ کی آزمائشی پروازیں وسطی ایران کے شہر شاہین شہر کے ایک ایئر فیلڈ میں شروع ہوئیں۔ آزمائش پروازوں سے قبل ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں ایران کی وزارت دفاع اور وزارت ٹرانسپورٹ کے اعلی حکام نے شرکت کی۔
ایران کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے بیان کے مطابق، طیارے کو ملک کے فضائی بیڑے میں شامل ہونے کے لیے مختلف حالات میں سو گھنٹے کی آزمائشی پروازیں مکمل کرنی ہوں گی۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے سربراہ حسین پورفرزانہ نے کہا کہ سیمرغ کی تیاری کا عمل پندرہ سال سے زائد عرصے پر محیط رہا۔ اس عمل کے بعد ایران دنیا کے ان بیس سے کم ممالک میں شامل ہوجائےگا جو طیارہ ڈیزائن اور تیار کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ یہ طیارہ دو، دوہزارپانچ سو ہارس پاور انجنوں سے لیس ہے، جو چھے میٹرک ٹن سامان کو تین ہزار نو سو کلومیٹر کی مسافت تک لے جاسکتا ہے۔
سیمرغ کو ایک چست، ہلکا اور تیز رفتار طیارہ قرار دیا جارہا ہے، جس میں سامان لے جانے کی صلاحیت زیادہ ہے اور یہ ایران کے موسمی حالات سے ہم آہنگ ہے، جس کی وجہ سے یہ طبی خدمات جیسے ہنگامی فضائی امداد کے لیے مناسب ہے۔