آخری سانس تک قوم و ملک کا دفاع کرتے رہیں گے: صدر پزشکیان
صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے ملی مفادات میں اسلامی جمہوریہ ایران کی استقامت و پائیداری جاری رہنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ آخری دم تک ملک وقوم کا دفاع جاری رکھیں گے۔
سحرنیوز/ایران: صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے پیر 20 جولائی کو سپریم جوڈیشیل کونسل کی میٹنگ میں، حالیہ امریکی جارحیت میں شہید ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انھوں نے کہا کہ ان عزیزوں کی شہادت ملک و قوم کا بہت بڑا نقصان ہے جس نے ہم سب کے کندھوں پریہ سنگین ذمہ داری ڈالی ہے کہ اپنی پوری طاقت وتوانائی سے اس راستے پر گامزن رہیں جو شہیدوں نے ایران اسلامی کی عزت وسربلندی، خودمختاری اور پیشرفت کے لئےپیش کیا ہے۔
صدر ڈاکٹرپزشکیان نے عوام کے معاشی مسائل کے حل اور کمزور طبقات کی حمایت کو اہم ترین دینی اور حکومتی فریضہ قرار دیا۔ انھوں نے ملک کے پیچیدہ حالات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے، بیرونی خطرات کے مقابلے کے ساتھ ہی اندرونی مشکلات کے حل کو ضروری بتایا اور کہا کہ قوم کے دشمن مختلف طریقوں سے، ہماری پیشرفت کی راہوں کو بند کردینے کی کوشش کررہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ اسلامی جمہوریہ ایران عزت و سربلندی اور ترقی کے راستے پر اگے نہ بڑھ سکے۔
صدر مملکت نے کہا کہ دشمنان ملک و ملت نہیں چاہتے کہ یہ ملک خود مختار، طاقتور اور کامیاب رہے بنابریں ہمیں دشمنوں کی سازشوں کے ساتھ ہی اپنی اندرونی مشکلات دور کرنی ہیں۔ ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے مذاکراتی عمل میں، ملی مفادات اورحقوق کے مکمل تحفظ پر زور دیا اور بنیادی اصولوں نیز اقدار سے پسپائی کو مسترد کردیا۔ انھوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ مفاہمتی یاد داشت کی 14 شقوں میں سے کسی بھی شق میں ہم نے قومی حقوق و مفادات، انقلابی اقدار، بنیادی اصولوں اور اعتقادات سے پسپائی نہیں کی ہے۔
صدر پزشکیان نے کہا کہ نہ صرف یہ کہ ملک کے مفادات کے خلاف کوئی بات تسلیم نہیں کی گئی بلکہ مفاہمتی یاد داشت کا گہرائی کے ساتھ جائزہ لیا جائے تو معلوم ہوگا کہ اس کا بڑا حصہ اسلامی حمہوریہ ایران کے فائدے میں رہا ہے اور کوئی شق ایسی نہیں ملےگی جو یک طرفہ طور پر صرف امریکا کے فائدے میں ہو۔ انھوں نے ملی مفادات کے دفاع میں اسلامی جمہوریہ ایران کی استقامت و پائیداری جاری رہنے پر زور دیتے ہوئے، اس راہ کی قیمت کے تعلق سے حقیقت پسندی کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ ہم ملک و قوم کے مفادات کے دفاع میں آخری دم تک ڈٹے رہیں گے اور ہمارے اس عزم میں کوئی تزلزل نہیں آسکتا لیکن ہمیں اسی کے ساتھ حقیقت پسند بھی ہونا چاہئے اور اس استقامت وپائیداری کے قدرتی نتائج کو بھی قبول کرنا چاہئے۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel