صدرِ ایران سے پاکستانی فوج کے سربراہ کی اہم ملاقات
https://urdu.sahartv.ir/news/iran-i455650-صدرِ_ایران_سے_پاکستانی_فوج_کے_سربراہ_کی_اہم_ملاقات
صدرِ ایران نے واضح  کیا ہے کہ امریکی غنڈہ گردی سے کچھ بھی ہونے والا نہيں ہے جبکہ  پاکستان کے آرمی چیف نے سفارتی عمل آگے بڑھانے پر زور دیا ہے۔
(last modified 2026-08-25T11:36:03+00:00 )
Aug ۲۵, ۲۰۲۶ ۱۳:۰۲ Asia/Tehran
  • صدرِ ایران سے پاکستانی فوج کے سربراہ کی اہم ملاقات

صدرِ ایران نے واضح  کیا ہے کہ امریکی غنڈہ گردی سے کچھ بھی ہونے والا نہيں ہے جبکہ  پاکستان کے آرمی چیف نے سفارتی عمل آگے بڑھانے پر زور دیا ہے۔

سحرنیوز/ایران: صدرِ ایران ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے پیر 24 اگست کی رات پاکستانی فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات میں اسلام آباد مفاہمتی یاد داشت کی پابندی اور غاصب صیہونی حکومت کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے اسلامی یک جہتی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ امریکہ بین الاقوامی قوانین اور مفاہمتی یاد داشت کی پابندی کرے۔

صدرِ ایران نے کہا کہ امریکیوں کی زور زبردستی اور غنڈہ گردی   پیچیدگی بڑھا رہی ہے، انہیں ایران کے سلسلے میں اپنے لہجے کی اصلاح کرنی چاہئے۔ انھوں نے ایرانی قوم کے استحکام و پائیداری پر زور دیا اور کہا کہ اس پائیداری کی جڑیں قومی اتحاد اور یک جہتی میں ہیں۔

صدر پزشکیان نے کہا کہ ہماری قوم اسی اتحاد و یک جہتی سے  ہر قسم کے دباؤ کو ناکام بنادے گی۔ انھوں نے علاقے میں قیام امن کے لئے حکومت پاکستان کی کوششوں کی قدردانی کی اورامید ظاہر کی کہ مشترکہ تعاون کے نتیجے میں اسلام آباد مفاہمتی یاد داشت کے اہداف حاصل ہوں گے۔

صدر ڈاکٹر پزشکیان نے کہا کہ  امید ہے کہ اسلام آباد کی سفارتی کوششیں علاقے اور اسلامی دنیا کی روز افزوں بالیدگی اور عزت و سربلندی پر منتج ہوں گی۔       

پاکستانی فوج کے سربراہ فیلڈ فارشل عاصم منیر نے اس ملاقات میں ایران اور پاکستان کے درمیان دوجانبہ تعاون کے فروغ پرخوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ دونوں ملکوں کے تاریخی، دینی اور ثقافتی مشترکات، موجودہ پیچیدہ حالات سے نکل کر، روشن مستقبل کی طرف آگے بڑھنے میں مدد کرسکتے ہیں۔

ہمیں فولو کریں:

us: FacebookXinstagram, tiktok  whatsapp channel