کردستان، معاہدے کی پابندی نہیں کررہا ہے: عراقی حکومت
Aug ۲۶, ۲۰۱۵ ۱۳:۵۱ Asia/Tehran
-
عراقی پٹرولیم
عراق کی وزارت پیٹرولیم نے کہا ہے کہ شمالی عراق کے کردستان علاقے نے تیل کی آمدنی کے سلسلے میں ہونے والے معاہدے پر پوری طرح عمل نہیں کیا ہے
عراقی نیوز ایجنسی الرای کی رپورٹ کے مطابق عراق کی وزارت پیٹرولیم کے ترجمان عاصم جہاد نے کہا ہے کہ کردستان نے عراق کی مرکزی حکومت کے ساتھ ہونے والے معاہدے کے بر خلاف، تیل کی پچاس فیصد سے بھی کم آمدنی حکومت کے حوالے کی ہے جس کے باعث مرکزی حکومت کو بجٹ خسارے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے-عراق کی وزارت پیٹرولیم کے ترجمان نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ مرکزی حکومت کے ساتھ کردستان علاقے کے مسائل اور اختلافات کوئی نئی بات نہیں ہے، کہا کہ ان اختلافات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنا موجودہ حکومت کے پروگراموں کا حصہ ہے-
عاصم جہاد کے مطابق بغداد اور اربیل کے درمیان گذشتہ دسمبر میں ہونے والے معاہدے کی بنیاد پر عراق کے قومی بجٹ کا سترہ فیصد کردستان کے لئے مختص کیا جائے گا اور اس کے عوض، کردستان کے تیل کی فروخت سے ہونے والی آمدنی میں سے بغداد بھی حصہ لے گا لیکن کردستان نے معاہدے کے صرف پچاس فیصد حصے پر عمل کیا ہے جس کے باعث عراقی حکومت کو بجٹ خسارے کا سامنا ہے-