Aug ۲۶, ۲۰۱۵ ۱۳:۵۲ Asia/Tehran
  • داعش دہشت گرد گروہ
    داعش دہشت گرد گروہ

داعش دہشت گرد گروہ نے اپنے احکامات کی نافرمانی کرنے کے الزام میں دسیوں عراقی شہریوں کو قتل کر دیا ہے

ایشیا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق موصل میں کردستان ڈیموکریٹک پارٹی کے شعبہ اطلاعات کے سربراہ سعید مموزینی نے کہا ہے کہ داعش دہشت گرد گروہ نے منگل کو شہر موصل کے باب الطوال علاقے میں دس عام شہریوں کو ان کے اہل خانہ کے سامنے قتل کر دیا-

 کردستان ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما نے موصل میں داعش دہشت گرد گروہ کی بڑھتی ہوئی مخالفت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ تکفیری گروہ، مخالفین کو قتل کرکے عوام کے درمیان خوف و وحشت پیدا کرنا چاہتا ہے -

مغربی عراق کے صوبہ الانبار کے ایک مقامی ذریعے نے کہا ہے کہ داعش دہشت گرد گروہ نے تین عام شہریوں اور انتخابی کمیشن کے دو سابقہ ارکان کو عراقی سیکورٹی اہلکاروں کے ساتھ تعاون کرنے اور عراقی فضائیہ کو داعش کے خفیہ ٹھکانے کی اطلاع دینے کے الزام میں فلوجہ کے ایک مرکزی چوراہے پر قتل کر دیا-

صوبہ صلاح الدین کے تکریت شہر کے ایک سیکورٹی ذریعے نے بھی کہا ہے کہ تکفیری دہشت گردوں نے چار دیگر افراد کو الشرقاط کے مضافاتی علاقے میں سیکورٹی اہلکاروں کے ساتھ انٹیلیجنس تعاون کرنے کے الزام میں پھانسی دے دی ہے-

داعش دہشت گرد گروہ نے عام مقامات پر عراقی جوانوں کو پھانسی دینے کے بعد ان کے اہل خانہ کو ان کی لاشیں بھی دفن کرنے کی اجازت نہیں دی-

 عراق کے وزیردفاع خالد العبیدی کے بقول، داعش تکفیری دہشت گرد، صوبہ نینوا پر قبضے کے بعد سے اب تک اس شہر کے دو ہزار ستر شہریوں کو اپنے ساتھ تعاون نہ کرنے کے الزام میں قتل کر چکے ہیں-

ٹیگس