یمن کی جنگ میں بچوں کے جانی نقصان پراقوام متحدہ کو تشویش
Aug ۲۶, ۲۰۱۵ ۱۳:۵۳ Asia/Tehran
-
یمن پر آل سعود کی بربریت سے متاثرہ بچے
اقوام متحدہ نے یمن کی جنگ میں بچوں کے بڑھتے ہوئے جانی نقصان پرتشویش ظاہر کی ہے
پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جنگ سے متاثرہ بچوں کے امور میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی خصوصی نمائندہ لیلا زروقی نے کہا ہے کہ یمنی بچوں کو ملک میں جنگ اور تشدد جاری رہنے کی ناقابل قبول اور بھاری قیمت چکانا پڑ رہی ہے-لیلا زروقی نے کہا کہ یمن میں بچوں اور تمام عام شہریوں کی مدد کے لئے فوری اقدام کرنے کی ضرورت ہے-
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی خصوصی نمائندہ نے کہا کہ تشدد کے باعث یمن میں بچوں کی ایک ایسی تباہ و برباد نسل وجود میں آئے گی جو مختلف نفسیاتی اور جسمانی مسائل کا شکار اور تعلیمی مواقع سے محروم رہی ہو گی-
لیلا زروقی نے یمن کے جنوب مغربی صوبے تعز پر اکیس اگست کو سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں کی وحشیانہ بمباری پر سعودی عرب کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا-
لیلا زروقی نے متحارب گروہوں سے مطالبہ کیا کہ وہ عام شہریوں کی مدد کے لئے بین الاقوامی معاہدوں پر عمل کریں- انھوں نے یمن میں جنگ کے باعث بچوں کی تعلیم متاثر ہونے پر بھی تشویش ظاہر کی ہے-