عراق کے صوبے الانبار میں فوجی آپریشن کا پھر سے آغاز
-
عراق کے صوبے الانبار میں فوجی آپریشن کا پھر سے آغاز
عراق میں انسداد دہشت گردی کےادارے نے کہا ہے کہ مغربی صوبے الانبار کے صدرمقام الرمادی کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرانے کے لئے فوجی کارروائی پھرسے شروع کردی گئی ہے
عراق میں انسداد دہشت گردی کے ادارے کی آپریشنل کمان کے نائب سربراہ عبدالامیرالخزرجی نے اتوار کو اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ الرمادی شہرکو دہشت گردوں کےقبضے سے آزاد کرانے کی کارروائی جو موسمی حالات کے سبب مختصر عرصے کے لئے روک دی گئی تھی دوبارہ شروع کردی گئی ہے- ان کا کہنا تھا کہ عراقی فورس چاروں طرف سے خاص طورپرشہر کے مغرب کی جانب سے اس کے بہت قریب پہنچ گئی ہے-
خبروں میں بتایا گیا ہے کہ عراق کی خصوصی فورس نے اس وقت الرمادی کے بعض علاقوں منجملہ شمال کے علاقے الشراع کو داعش کے قبضے سے آزاد کرالیا ہے-
واضح رہے کہ الانبار میں فوجی آپریشن کے سربراہ اسماعیل المحلاوی نے جمعے کو کہا تھا کہ خراب موسم اور شدید سیلاب کے باعث الرمادی کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرانے کی کارروائی وقتی طور پرروک دی گئی ہے-
ادھر عراق کی فیڈرل پولیس کےسربراہ رائد شاکر جودت نے کہا ہے کہ صوبہ صلاح الدین کے اہم شہر بیجی کو آزاد کرانے کی کارروائی میں فیڈرل پولیس نے پہلی بارحصہ لیا تھا اور اس کارروائی کے دوران بیجی کے آس پاس کے دوسوچار گاؤں اور قصبے دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرالئے گئے جس کے دوران سیکڑوں دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتاردیا گیا -