دہشت گردی اور پسماندگی کے خلاف جنگ جاری رکھنے پر عراقی وزیر اعظم کی تاکید
Nov ۰۱, ۲۰۱۵ ۱۷:۲۳ Asia/Tehran
-
دہشت گردی اور پسماندگی کے خلاف جنگ جاری رکھنے پر عراقی وزیر اعظم کی تاکید
عراق کے وزیر اعظم نے دہشت گردی اور ملک کی پسماندگی کے خلاف جنگ جاری رکھنے پر زور دیا ہے۔
بغداد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق عراقی وزیر اعظم حیدرالعبادی نے اتوار کو بغداد کی بیالیسویں بین الاقواقی نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا کہ مالی بحران کے باوجود عراقیوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں اور سیکڑوں کیلومیٹر کا علاقہ داعش سے آزاد کرایا جاچکا ہے۔انھوں نے دہشت گردی کے ساتھ ساتھ، ملک کی پسماندگی کے خلاف بھی جنگ کی ضرورت پر زور دیا ۔ وزیر اعظم حیدرالعبادی نے عراقی سیاستدانوں سے اپیل کی کہ اختلافات کو فراموش کرکے ملک کو دہشت گردی اور پسماندگی سے نجات دلانے میں یکجہتی سے کام لیں ۔
انھوں نے کہا کہ بغداد سیکورٹی کے لحاظ سے سو فیصد محفوظ ہوچکا ہے اور اب حکومت ملک کی ترقی و پیشرفت کے منصوبوں میں نجی سیکٹر کی شمولیت کی راہ سے رکاوٹیں دور کرنے میں مصروف ہے۔
بغداد کی بیالیسویں بین الاقوامی نمائش سخت حفاظتی انتظامات میں اتوار سے شروع ہوئی ہے ۔ اس نمائش میں اسلامی جمہوریہ ایران سمیت دنیا کے بائیس ممالک اور پانچ سو نوے کمپنیوں نے اپنی مصنوعات نمائش کے لئے رکھی ہیں-