عراق: سو سے زائد تکفیری دہشت گرد ہلاک
Nov ۱۲, ۲۰۱۵ ۱۸:۵۱ Asia/Tehran
-
عراق: سو سے زائد تکفیری دہشت گرد ہلاک
عراق کے صوبہ الانبار میں فوج اور عوامی رضاکاروں کے مشترکہ آپریشن میں سو سے زائد تکفیری دہشت گردی مارے گئے ہیں۔
پریس ٹی وی کے مطابق جمعرات کو عراق کے صوبہ الانبار کا ایک بڑا علاقہ عراقی افواج کے کنٹرول میں آ گیا۔ عراق کی عوامی رضاکار فورس کے ایک سینئر کمانڈر واسق فرطوسی نے ایک انٹرویو میں بتایا ہے کہ عراقی فوج، عوامی رضاکار فورس اور قبائلی جنگجوؤں کے ایک مشترکہ آپریشن میں الانبار کے علاقے البوحیات کو داعش کے قبضے سے واپس لے لیا گیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ یہ علاقہ پوری طرح عراقی افواج کے کنٹرول میں آگیا ہے۔عوامی رضاکار فورس کے کمانڈرواسق فرطوسی نے بتایا کہ اس آپریشن میں داعش کے ایک سو پندرہ دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ مارے جانے دہشت گرد غیرعراقی ہیں جن میں بڑی تعداد دیگرعرب ملکوں کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ البوحیات کو آزاد کرانے کے آپریشن میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں مغربی ملکوں کے افراد بھی شامل ہیں۔
دوسری طرف کرد پیشمرگہ ملیشیا نے سنجار کو آزاد کرانے کے آپریشن شروع کردیا ہے۔ ہمارے نمائندے نے بتایا ہے کہ جمعرات کو شروع ہونے والے اس آپریشن میں کئی دیہی علاقے آزاد ہو چکے ہیں۔ اس آپریشن سے متعلق مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
ایک اور رپورٹ میں بتایا ہے کہ داعش نے عراق کے ایک سینئر سائنسداں کو کیمیاوی اسلحہ بنانے میں تعاون سے انکار پر قتل کر دیا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق داعش نے موصل یونیورسٹی کے فزکس ڈیپارٹمنٹ کے چیئرمین کو کیمیاوی اسلحہ بنانے میں تعاون سے انکار کرنے پر بدھ کی رات قتل کر دیا۔ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ داعش نے عراق کے اس سائنسداں کو موصل کے ایک چوراہے پر لوگوں کی آنکھوں کے سامنے قتل کیا ہے۔ قتل ہونے والے سائنسداں کا نام نہیں بتایا گیا ہے۔