شیخ نمر کی حمایت میں سعودی عوام کا مظاہرہ
سعودی عرب کے عوام نے شیعہ مجاہد عالم دین شیخ نمر کی پھانسی کی سزا کے خلاف مظاہرہ کیا ہے-
قطیف نیوز کے مطابق سعودی عوام نے جمعرات کو سعودی عرب کے مشرقی علاقے العوامیہ میں، اس ملک کے مجاہد عالم دین شیخ نمر باقر النمر کی پھانسی کی سزا کے فیصلے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا-
مظاہرین نے شیخ نمر کی پھانسی کی سزا کا فیصلہ منسوخ کئے جانے، اور ان کی اور اس ملک کے دیگر سیاسی قیدیوں کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا- سعودی عرب کے مشرقی علاقوں کے باشندے شیخ نمر باقر النمر کی پھانسی کی سزا کے خلاف ہر جمعرات کو احتجاجی مظاہرہ کرتے ہیں-گذشتہ جمعرات کو بھی العوامیہ اور قطیف کے علاقوں میں عوام نے وسیع پیمانے پر مظاہرے کئے تھے-
واضح رہے کہ سعودی عرب کے ممتاز شیعہ عالم دین اور آمریت مخالف رہنما آیت اللہ شیخ نمر باقر النمر کی سزائے موت کا حکم اپیل کورٹ اور سپریم کورٹ کی توثیق کے بعد وزارت داخلہ کو بھجوا دیا گیا ہے۔
سعودی عرب کے سیکورٹی اہلکاروں نے آیت اللہ شیخ باقر النمر پر جولائی دو ہزار بارہ میں قاتلانہ حملہ کیا تھا اور پھر زخمی حالت میں انہیں گرفتار کرلیا تھا جس کے بعد ریاض کی ایک عدالت نے انہیں ملک میں امن و سلامتی کی صورتحال خراب کرنے اور لوگوں کو حکومت کے خلاف اکسانے جیسے بے بنیاد الزامات کے تحت پھانسی کی سزا سنائی تھی –
آیت اللہ شیخ باقر النمر سعودی عرب کے عوام خاص طور پر شیعوں کے حقوق کی بازیابی کے لیے انتہائی سرگرم رہے ہیں۔