شیخ باقر النمر کی حالت پر سعودی عرب کی انسانی حقوق کی تنظیم کا اظہار تشویش
سعودی عرب کی انسانی حقوق کی تنظیم نے سعودی عرب کی جیل میں ممتاز عالم دین آیت اللہ شیخ نمر باقر النمر کی حالت پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
العہد نیوز ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کی انسانی حقوق کی تنظیم نے سعودی عرب کی جیل میں قید ممتاز سعودی عالم دین آیت اللہ شیخ نمر باقر النمر کی جسمانی حالت اور ان کو طبی خدمات فراہم نہ کئے جانے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
اس تنطیم نے کہا ہے کہ شیخ نمر باقر النمر کے خلاف سعودی حکام کے جارحانہ اقدامات میں گزشتہ چار ماہ کے دوران اضافہ ہوا ہے۔ انسانی حقوق کی اس تنظیم نے گرفتاری کے دوران آیت اللہ شیخ نمر باقر النمر کے زخمی ہونے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ سعودی حکام، اس ممتاز سعودی عالم دین کو طبی خدمات فراہم نہیں کر رہے ہیں اور ان پر تشدد کر رہے ہیں جبکہ سعودی عرب انیس سو ستانوے میں تشدد پر پابندی کے معاہدے میں شامل ہو گیا تھا۔
مذکورہ تنظیم نے کہا ہے کہ شیخ نمر، سیاسی قیدی ہیں جن کو سیاسی اصلاحات کے مطالبے کی وجہ سے گرفتار کیا گیا ہے، ان کو سزائے موت سنائی جا چکی ہے اور سعودی حکام کسی بھی وقت اس شیعہ عالم دین کو سنائی گئی اس سزا پر عمل کر سکتے ہیں۔