عراق کے مختلف علاقوں میں دسیوں دہشت گرد ہلاک
-
عراق کے مختلف علاقوں میں دسیوں دہشت گرد ہلاک
عراق کے مختلف علاقوں میں فوج کی کارروائی میں دسیوں دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں
قطر کی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق صوبہ الانبار کے مغربی علاقوں میں داعش دہشت گرد گروہ کے ٹھکانوں پر عراق کے فضائی حملوں میں کم سے کم اکیس دہشت گرد ہلاک ہو ئے ہیں- ہلاک ہونے والوں میں دہشت گردوں کے تین غیر ملکی سرغنہ بھی ہیں- دہشت گردوں کے خلاف عراقی فضائیہ کی کارروائی میں دہشت گردوں کے اسلحے کا ایک بڑا گودام بھی تباہ ہو گیا ہے-
صوبہ الانبار کے سنی قبائل کی کونسل کے رکن العاید الشمری نے الرمادی شہر پر عراقی فوجیوں کے مکمل محاصرے پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ عراقی فوج نے رضاکار فورسز کی مدد سے شہر الرمادی کے اطراف میں داعش دہشت گردوں کو بھاری نقصان پہنچایا ہے-
تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق اس شہر میں دہشت گردوں کی تعداد چھے سو سے بھی کم رہ گئی ہے- عراقی دارالحکومت بغداد کی آپریشنل کمان نے اعلان کیا ہے کہ پولیس نے جنوبی بغداد کے التویثہ علاقے میں امام حسین علیہ السلام کے زائرین کے درمیان خود کش حملے کی کوشش کرنے والے ایک دہشت گرد کو ہلاک کر دیا ہے-
دوسری جانب عراق کی کرد پیشمرگہ فورس نے صوبہ نینوا کے صدر مقام موصل کے مشرقی علاقے میں دہشت گردوں کے ایک حملے کو پسپا کر دیا ہے- اس کارروائی میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوا ہے-
داعش دہشت گرد الخازر کراسنگ کو عبور کر کے کرد فورسیز پر حملہ کرنا چاہتے تھے لیکن پیشمرگہ فورسیز اور دہشت گردوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں چار دہشت گرد ہلاک اور دیگر بھاگ کھڑے ہوئے-