Dec ۰۸, ۲۰۱۵ ۱۰:۴۹ Asia/Tehran
  • یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے اسماعیل ولد شیخ احمد
    یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے اسماعیل ولد شیخ احمد

یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے اسماعیل ولد شیخ احمد نے کہا ہے کہ یمن کے متحارب گروہوں نے پندرہ دسمبر سے امن مذاکرات از سر نو شروع کرنے سے اتفاق کر لیا ہے۔

یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے اسماعیل ولد شیخ احمد نے نامہ نگاروں سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ ،اس ملک کی معزول حکومت، خطے اور دنیا کے متعدد ممالک کے نمائندوں کے ساتھ ان کے مذاکرات کے بعد فریقین نے پندرہ دسمبر سے عارضی جنگ بندی کے ساتھ ساتھ جنیوا میں امن مذاکرات از سر نو شروع کرنے سے اتفاق کیا ہے۔

اسماعیل ولد شیخ احمد نے مزید کہا کہ صرف جامع اور پرامن مذاکرات کے ذریعے ہی یمن کے عوام کی مشکلات کو حل اور فریقین کے درمیان اعتماد قائم کیا جا سکتا ہے۔

یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے نے نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے ان تمام ممالک کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے فریقین کے درمیان ابتدائی سمجھوتے کا راستہ ہموار کیا۔ اسماعیل ولد شیخ احمد نے آئندہ ہفتے شروع ہونے والے امن مذاکرات کے نتیجہ خیز ہونے کی امید کا بھی اظہار کیا اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی جانب سے متحارب فریقوں سے اپیل کی کہ وہ پندرہ دسمبر سے شروع ہونے والی عارضی جنگ بندی کی پابندی کر کے امن مذاکرات کے لئے مناسب ماحول پیدا کریں اور یمنی عوام میں امید اور حسن ظن پیدا ہونے کا باعث بن جائیں۔

ٹیگس