یمن پر سعودی عرب کی وحشیانہ بمباری جاری
-
یمن: سعودی عرب کی وحشیانہ بمباری میں تیس سے زائد یمنی شہری شہید اور دسیوں زخمی
یمن کے مختلف علاقوں پر سعودی عرب کے فضائی حملوں میں دسیوں یمنی شہری شہید اور زخمی ہوگئے ہیں۔
المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے اتوار کے دن شمالی یمن میں واقع صوبہ صعدہ کے شہر ضحیان پر بمباری کی۔ اس شہر کے رہائشی مکانات پر کی جانے والی بمباری میں تین عام شہری شہید اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔
یمن کے صوبہ حجہ کے حرض ضلع میں واقع الحجاورہ علاقے پر بھی سعودی لڑاکا طیاروں نے بمباری کی۔ جس میں بارہ افراد شہید اور تیئیس زخمی ہوگئے ہیں۔
جنوب مغربی یمن میں واقع صوبہ تعز کے ضلع مخاء میں بجلی گھر اور رہائشی مکانات پر سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں کی بمباری میں یمن کے چار شہری شہید اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔
المیادین ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق صوبہ لحج کے شمال میں واقع ضلع القبطیہ کے الحیدین علاقے پر سعودی عرب کے جیٹ طیاروں کے فضائی حملوں میں چھ عام شہری شہید اور دو زخمی ہوگئے ہیں۔
اس رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ سعودی عرب نے یمن کے صوبہ صنعا کے جبل عطان، صوبہ صعدہ کے حیدان اور صوبہ حجہ کے حرض علاقوں پر میزائل بھی برسائے ہیں۔
ہفتے کے دن بھی سعودی عرب کے جیٹ طیاروں نے صوبہ الحدیدہ کے علاقے خوخہ میں واقع الحینہ بندرگاہ پر بمباری کی تھی۔ یمن کی سبا نیٹ ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق اس حملے میں تیس سے زیادہ ماہی گیر شہید اور متعدد زخمی ہوگئے ۔