افغان صدر: علاقے میں ایران کا کردار بہت زیادہ اہمیت کا حامل
افغانستان کے صدر نے علاقے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے کردار کو بہت زیادہ اہمیت کا حامل قرار دیا ہے۔
افغانستان کے صدر محمد اشرف غنی نے تاپی گیس پائپ لائن منصوبے کی مناسبت سے کابل میں ایوان صدر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کے راستے پاکستان اور ہندوستان کے لئے ترکمنستان کی گیس کی منتقلی کے اس منصوبے سے کسی بھی ملک کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا بلکہ گیس پائپ لائن کا یہ منصوبہ، اقتصادی طور پر پورے علاقے کے فائدے میں ہے۔
افغانستان کے صدر نے کہا کہ ان کے ملک میں ساڑھے سات سو کلو میٹر طویل تاپی گیس پائپ لائن بچھائی جائے گی اور اس منصوبے کی تکمیل اور گیس پائپ لائن سے کئے جانے والے استفادے کے نتیجے میں افغانستان کو سالانہ چالیس کروڑ ڈالر کا فائدہ ہو گا۔
افغانستان کے صدر نے علاقے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے کردار کو بھی بہت زیادہ اہمیت کا حامل قرار دیا۔
واضح رہے کہ مجموعی طور پر سترہ سو پینتیس کلومیٹر طویل تاپی گیس پائپ لائن کے معاہدے پر پانچ برس قبل ترکمنستان، افغانستان اور پاکستان کے صدور اور ہندوستان کے وزیر توانائی نے دستخط کئے تھے۔