دہشت گردی، عراق کے لئے سب سے بڑا چیلنج
عراق کے وزیر اعظم نے دہشت گردی کو ملک کے لئے سب سے بڑا چیلینج قرار دیا ہے
عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی نے بدھ کو کہا کہ عراق ، دہشت گردی کے خلاف جنگ کی بھاری قیمت چکا ر ہا ہے لیکن ان تمام مسائل و مشکلات کے باوجود ہم جلد ہی کامیاب ہو جائیں گے-
حیدر العبادی نے کہا کہ عراق میں داعش دہشت گرد گروہ کی در اندازی کے بعد کچھ لوگ ، عراق کو تقسیم کرنے کی کوشش کر رہے تھے لیکن یہ خطرہ دور ہوگیا اور عراقی فوج نے ، داعش کے خلاف جنگ میں بہت سی کامیابیاں حاصل کر لی ہیں-
عراقی وزیر اعظم نے شمالی عراق میں ترکی کی فوج کی موجودگی کی ایک بار پھر مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ترکی کی فوج کو عراق سے باہر نکل جانا چاہئے اور ترکی کو ایک پڑوسی ملک کی حیثیت سے عراق کے قومی اقتدار اعلی کا احترام کرنا چاہئے-
حیدر العبادی نے تاکید کی کہ حکومت عراق ، ملک سے ترک فوجیوں کے مکمل انخلاء تک سلامتی کونسل میں اپنی کوششیں جاری رکھے گی اور بہت سے ممالک نے عراق کے موقف کی حمایت کی ہے-
چار دسمبر کو ترکی کے دسیوں فوجی ، کرد پیشمرگہ فوج کی ٹریننگ کے بہانے عراق کے شہر موصل کے بشیقہ علاقے میں داخل ہو گئے جس پر عراقی گروہوں ، حکام اور شخصیتوں نے بڑے پیمانے پر احتجاج کیا ہے-