امریکہ کے فضائی حملے، بیس عراقی فوج شہید تیس زخمی
امریکہ کے فضائی حملے میں کم سے کم بیس عراقی فوجی شہید اور تیس زخمی ہو گئے۔
عراقی حکام کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب نام نہاد داعش مخالف امریکی اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے صوبہ الابنار کے شہر فلوجہ کے قریب واقع عراقی فوج کی ایک چھاؤنی پر بمباری کر دی۔
عراقی پارلیمنٹ کی دفاعی کمیٹی کے سربراہ حاکم الزاملی نے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے وزیر اعظم حیدرالعبادی سے واقعے کی فوری تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔
عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوان صوبہ الانبار میں بڑی تعداد میں تعینات ہیں جہاں وہ داعش کے دہشت گردوں کے خلاف بڑے آپریشن میں مصروف ہیں۔
عراقی فوج اور عوامی رضاکاروں نے صوبہ الانبار کے صدر مقام رمادی کے مرکزی علاقے کے علاوہ اس صوبے کے متعدد شہروں اور دیہاتوں کو داعش کے قبضے سے آزاد بھی کرا لیا ہے۔
عراقی حکام کا کہنا ہے کہ امریکہ بغداد حکومت کی ہم آہنگی کے بغیر اس کی سرزمین پر مختلف اہداف کو نشانہ بنا رہا ہے جس کے نتیجے میں زیادہ عام شہری مارے جا رہے ہیں۔ دفاعی مبصرین کا بھی خیال ہے کہ داعش کے خلاف امریکی اتحاد کے حملے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں زیادہ موثر واقع نہیں ہو رہے ہیں۔