عراق: فوج کے آپریشن میں متعدد دہشت گرد ہلاک
عراقی افواج نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے متعدد دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق بغداد آپریشنل کمان کے ترجمان سعد معن نے اعلان کیا کہ عراقی فوج نے عوامی رضاکاروں کی مدد سے مغربی صوبے الانبار کے شہر فلوجہ میں داعش گردہ کے کم سے کم تیس دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عراقی فوج نے اس کارروائی میں بڑی مقدار میں دہشت گردوں کا فوجی ساز و سامان اور پینتالیس بموں کو بھی تباہ کردیا۔
فلوجہ شہر صوبہ الانبار میں داعش کے دہشت گردوں کا ایک اہم مرکزشمار ہوتا ہے۔
ادھر صوبہ الانبار کے صدر مقام رمادی میں عراقی فوج کے حملوں میں شدت آنے اور اس شہر کے مختلف علاقوں کی آزادی کے بعد داعش کے دہشت گرد وہاں سے فرار ہو رہے ہیں۔
صوبہ الانبار کے پولیس ترجمان یاسر الدلیمی نے بتایا کہ داعش کے دہشت گرد رمادی شہر سے اس شہر کے مشرق میں واقع علاقوں کی طرف بھاگ رہے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ عراق کی بری اور ہوائی فوج کے حملوں میں شدت کی وجہ سے داعش کے دہشت گرد راہ فرار اختیار کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔
دریں اثنا العالم ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق عراقی فوج نے شمالی صوبے نینوا کے صدر مقام موصل کے نزدیک داعش گروہ کے ایک اڈے پر حملہ کرکے دسیوں دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔