یمن: سعودی عرب کے وحشیانہ حملوں میں پچیس عام شہری شہید ہوگئے
یمن کے مختلف صوبوں میں سعودی عرب کے وحشیانہ حملوں میں پچیس عام شہری شہید ہوگئے ہیں۔
یمن کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سبا نے جمعرات کو رپورٹ دی ہے کہ یمن کے مختلف صوبوں میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران ہونے والے سعودی عرب کے وحشیانہ حملوں میں پچیس عام شہری شہید اور دسیوں زخمی ہوگئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق شمالی صوبے صعدہ کے شہر کتاف پر سعودی لڑاکا طیاروں کے حملے میں سولہ افراد شہید ہوئے ہیں۔یہ تمام افراد عام شہری تھے۔
جنوب مغربی صوبے تعز کے علاقے یختل میں آل سعود کے حملوں کے نتیجے میں آٹھ عام شہری شہید اور چار زخمی ہوئے ہیں۔
صوبہ تعز کے الرومان علاقے میں بھی سعودی زرخرید ایجنٹوں کی فائرنگ میں ایک عورت شہید ہوئی ہے۔
یمن کے مختلف علاقوں پر امریکا کی حمایت سے ہونے والے سعودی عرب اور علاقے کے بعض عرب ممالک کے جارحانہ حملوں میں چھبیس مارچ سے اب تک ہزاروں عام شہری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں۔