امریکہ، یمن پر تسلط کا خواہاں ہے: تحریک انصار اللہ
یمن کی عوامی تحریک انصار اللہ کے مرکزی رہنما ضیف اللہ الشامی نے کہا ہے کہ امریکہ ، یمن پر اپنا تسلط چاہتا ہے-
ضیف اللہ الشامی نے العالم ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ یمن پر حملے نے اس ملک پر امریکہ کی تسلط جمانے کی خواہش کو واضح کر دیا ہے- انھوں نے کہا کہ امریکہ ، یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے اسماعیل ولد الشیخ کو جب حکم دیتا ہے تو وہ مذاکرات روک دیتے ہیں اور اس صورت حال کا مطلب یہ ہے کہ ان مذاکرات پر امریکہ کا کنٹرول ہے-
انھوں نے کہا کہ یمن پر مسلط کردہ جنگ اور جارحیت بھی امریکہ کے اشارے پر شروع ہوئی ہے اور یہ جنگ اور جارحیت اس ملک کے فیصلے سے ہی رکے گی- ضیف اللہ الشامی نے کہا کہ سعودی عرب، اس کے ایجنٹ ، القاعدہ ، بلیک واٹر اور تکفیری و صیہونی گروہ ، یمن اور علاقے میں امریکہ اور اسرائیل کی پالیسیوں پرعمل درآمد کرانے کے ہتھکنڈے ہیں اوردنیا کے مختلف علاقوں حتی امریکہ کے دہشت گرد یمن میں ہلاک ہو چکے ہیں-
تحریک انصار اللہ کے مرکزی رہنما نے کہا کہ امریکہ ، دہشت گردی کے خلاف جنگ کا دعوی کرتا ہے جبکہ آج یہ ملک القاعدہ اور داعش کے ساتھ ہے اور دہشت گردوں کے لئے مختلف ہتھیاروں کی فراہمی امریکہ کے ذریعے انجام پاتی ہے-
ضیف اللہ الشامی نے اس سوال کے جواب میں کہ بعض لوگ دعوی کرتے ہیں کہ تحریک انصاراللہ یمن میں امریکی پالیسیوں پرعمل پیرا ہے کہا کہ ذرائع ابلاغ کا یہ جھوٹ اور فریب ، یمن پر جارحیت کا جواز پیش کرنے کی ایک کوشش ہے-