عراق کے تمام علاقے بہت جلد داعش کے قبضے سے آزاد ہو جائیں گے: عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی
عراق کے وزیر اعظم حیدر العبادی نے کہا ہے کہ عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے حوصلے بلند ہیں اور ملک کے تمام علاقے داعش کے قبضے سے جلد آزاد کرا لیے جائیں گے۔
ہمارے نمائندے کے مطابق عراق کے وزیراعظم حیدرالعبادی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ عراقی فوج رمادی کو آزاد کرانے کے بعد موصل کی جانب پیش قدمی شروع کرے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ رمادی کی مکمل آزادی کے بعد موصل شہرکو بھی جلد دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرالیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ موصل کی آزادی کے بعد، داعش گروہ عراق اور شام میں اپنے اہم ترین اڈے سے محروم ہوجائے گا اور اس کی کمر ہمیشہ کے لیے ٹوٹ جائے گی۔
انہوں نے یہ بات زور دیکر کہی کہ موصل کی آزادی بھی عراقی عوام کے اتحاد کے ذریعے ہی ممکن ہوگی۔
یہاں اس بات کا ذکر ضروری ہے کہ عراقی فوج اورعوامی رضاکارفورس کے جوانوں نے منگل کے روز مغربی صوبے الانبار کے صدر مقام رمادی کے مرکز سے دہشت گردوں کو باہر نکالنے کے لیے آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔ رمادی شہر کے مرکزی علاقے کو چھوڑکرباقی پورے شہر پر اس وقت عراقی فوج کا کنٹرول ہے۔ عراقی فوج کا کہنا ہے کہ رمادی کے مرکزی علاقے میں لڑائی کئی روز تک جاری رہ سکتی ہے۔