موصل کو آزاد کرانے کا حکومت عراق کا عزم
عراق کے وزیر اعظم نے کہا ہے کہ ان کے ملک کی مسلح افواج، شمالی عراق کے صوبے نینوا کے صدر مقام موصل کو آزاد کرانے کا تہیہ کئے ہوئے ہیں۔
عراق کے وزیراعظم حیدر العبادی نے اپنے ملک کے عوام خاص طور سے عیسائی برادری کو نئے عیسوی سال کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دو ہزارسولہ، عراق میں اتحاد اور داعش دہشت گرد گروہ پر مکمل کامیابی حاصل کئے جانے کا سال ثابت ہوگا۔
واضح رہے کہ داعش دہشت گرد گروہ، دس جون دو ہزار چودہ سے شمالی عراق میں واقع صوبے نینوا کے صدر مقام موصل پر قبضہ کئے ہوئے ہے۔ موصل، عراق کا دوسرا سب سے بڑا شہر شمار ہوتا ہے۔
حیدر العبادی نے صوبے الانبار کے صدر مقام الرمادی کی آزادی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دو ہزار پندرہ میں عراق کے وسیع و عریض علاقوں کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرایا گیا اور اب صرف کچھ ہی علاقوں پر دہشت گردوں کا قبضہ ہے اور ان علاقوں کو بھی عنقریب آزاد کرالیا جائے گا۔ انھوں نے دہشت گردوں کے مقابلے میں عراقی عوام کے اتحاد اور ان کی استقامت کی قدردانی بھی کی۔