ترک فوج فوری طور پر عراق سے نکل جائے: عمار حکیم اور مقتدی صدر کا مطالبہ
عراق کی مجلس اعلائے اسلامی اور صدر گروپ کے سربراہوں نے عراق سے ترک فوج کے فوری نکل جانے پر تاکید کی ہے۔
تسنیم نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عراق کی مجلس اعلائے اسلامی کے سربراہ سید عمار حکیم اور صدر گروپ کے سربراہ مقتدی صدر نے نجف اشرف میں ملاقات کی ہے۔ اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ملک کی سیکورٹی اور سیاسی صورتحال سے متعلق مسائل کا جائزہ لیا، خاص طور پر عراق کے خلاف ترکی کی جارحیت کے بارے میں تبادلہ خیال کیا-
سید عمار حکیم اور مقتدی صدر نے عراق کی حاکمیت اور اقتدار اعلی کے احترام کی ضرورت پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ عراق سے ترکی کی فوج کو باہر نکالنے کے لئے تمام تر سفارتی اور قانونی اقدامات انجام پانا ضروری ہیں۔ عراق کی مجلس اعلائے اسلامی اور صدر گروپ کے سربراہوں نے ملک میں اتحاد و یکجہتی اور حکومت عراق کے اصلاحاتی پیکج پر عملدرآمد اور موجودہ حالات میں اس سے استفادے پر تاکید کی۔
واضح رہے کہ چار دسمبر کو ترکی کے سیکڑوں فوجی، عراق کی ارضی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے، شہر موصل کے نزدیک داعش دہشت گرد گروہ کے زیر قبضہ علاقوں میں اپنے ٹینکوں کے ساتھ تعینات ہو گئے تھے- ترکی کی اس جارحیت کے خلاف عراق کی حکومت کے احتجاج اور عراقی عوام کے وسیع مظاہروں اور مذہبی شخصیات کے ردعمل کے باوجود ترکی کے حکام کا کہنا ہے کہ وہ شمالی عراق کے صوبہ نینوا کے شہر موصل میں اپنی فوجی موجودگی کو مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔