مغربی عراق میں دہشت گردوں کا حملہ پسپا کر دیا گیا
عراقی فوج نے صوبے الانبار کے صدر مقام الرمادی کے شمال میں دہشت گردوں کا حملہ پسپا کر دیا۔
العالم کی رپورٹ کے مطابق عراقی فوج کی کارروائی میں دسیوں دہشت گرد ہلاک ہو گئے جبکہ دھماکہ خیز مواد کی حامل ان کی کئی گاڑیوں کو تباہ کر دیا گیا۔
صوبے الانبار کے پولیس سربراہ ہادی رزیج کا کہنا ہے کہ عراق کی سیکورٹی فورسز نے داعش دہشت گرد گروہ کے تیس عناصر کو حراست میں لے لیا ہے جن میں کئی سرغنہ بھی شامل ہیں۔ یہ دہشت گرد عناصر،علاقے سے فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔
عراق کی سیکورٹی فورسز نے ایک سو پندرہ سے زائد ان عراقی گھرانوں کو بھی بیرون شہر منتقل کر دیا ہے جو الرمادی کے مرکز میں ایک سرکاری عمارت میں پناہ لئے تھے۔
واضح رہے کہ عراقی سیکورٹی فورسز نے اٹھائیس دسمبر کو الرمادی شہر کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کراتے ہوئے اس شہر کی سرکاری عمارتوں پرعراقی پرچم لہرایا ہے تاہم اس شہر کے اطراف کے علاقوں سے داعش دہشت گردوں کا صفایا کئے جانے کی کارروائی ابھی جاری ہے۔