سعودی فوجیوں کی لوگوں کے گھروں اور گاڑیوں پراندھا دھند فائرنگ
سعودی فوجیوں نے اس ملک کے مشرقی علاقے العوامیہ پر حملہ کر کے لوگوں کے گھروں اور گاڑیوں پراندھا دھند فائرنگ کی ہے۔
پریس ٹی وی کے مطابق آل سعود کے فوجیوں نے سعودی عرب کے مشرقی علاقے العوامیہ پر منگل کو وسیع حملہ کیا ہے۔ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ سعودی فوجی بکتر بند گاڑیوں کے ساتھ شہرالعوامیہ میں داخل ہوئے اور لوگوں کے گھروں اور گاڑیوں پر اندھا دھند گولیاں برسائیں ۔ سعودی فوجیوں کی وحشیانہ فائرنگ میں لوگوں کے گھروں، گاڑیوں اور دکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔ اس حملے میں ممکنہ طور پر ہونے والے جانی نقصان کے بارے میں کوئی رپورٹ نہیں مل سکی ہے۔
سعودی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اس حملے کا مقصد آیت اللہ باقر النمر کی شہادت کے بعد آل سعود کے خلاف عوامی مظاہروں کی سرکوبی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ آیت اللہ باقر النمر کی مظلومانہ شہادت کے بعد سعودی عرب کے مشرقی علاقوں خاص طور پر العوامیہ اور القطیف میں عوام نے وسیع پیمانے پرآل سعود کے خلاف مظاہرے کئے ہیں ۔ ان مظاہروں میں عوام نے شہید آیت اللہ باقر النمر کے اہداف کے حصول کے لئےجدوجہد جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
مظاہرین نے شہید آیت اللہ باقر النمر کا جنازہ لواحقین کے حوالے کئے جانے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ آل سعود کی حکومت نے آیت اللہ باقر النمر کو شہید کرنے کے بعد عوامی ردعمل اور مظاہروں کے خوف سے پورے ملک میں سیکورٹی ہائی الرٹ کردی ہے۔