فلسطین سے صیہونیوں کو نکال باہر کئے جانے تک تحریک انتفاضہ قدس جاری رہے گی: تحریک حماس
فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے نائب سربراہ اسماعیل ہنیہ نے کہا ہے کہ فلسطینی عوام کے اہداف کی تکمیل اور فلسطینی علاقوں سے صیہونیوں کو نکال باہر کردئے جانے تک تحریک انتفاضہ قدس جاری رہے گی
حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ نے جمعرات کو فلسطینی شہید احمد یونس کوازبہ کے اہل خانہ سے ٹیلی فونی گفتگو میں کہا کہ فلسطینی شہیدوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا- انہوں نے کہا کہ فلسطینی نوجوان اپنی تحریک انتفاضہ قدس جاری رکھ کے صیہونی حکومت کے تمام منصوبوں اور سازشوں کو ناکام بنا دیں گے -
حماس کے نائب سربراہ نے صیہونی حکومت کے خلاف مزاحمت اور استقامت جاری رکھنے پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی نوجوان صیہونیت مخالف اپنی کارروائیاں جاری رکھ کے اپنے مقاصد حاصل کرسکتے ہیں -
واضح رہے کہ فلسطین کے مختلف علاقوں میں صیہونی حکومت کے ظالمانہ، وحشیانہ اور توسیع پسندانہ اقدامات اور پالیسیوں کے خلاف گذشتہ اکتوبر کے مہینے سے انتفاضہ قدس جاری ہے - یہ انتفاضہ قدس اس وقت شروع ہوئی جب صیہونی حکومت نے مسجد الاقصی کو زمان اور مکان کے اعتبار سے تقسیم کرنے کے منصوبے پر کام کرنے کی کوشش کی -
انتفاضہ قدس کے دوران اب تک ایک سو سینتالیس فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جبکہ ہزاروں فلسطینی زخمی یا پھر گرفتار کر لئے گئے ہیں -