لیبیا: کار بم دھماکے میں چار افراد جاں بحق
لیبیا کے شہر راس لانوف میں ایک کار بم دھماکے میں چار افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔
فرانس پریس کی رپورٹ کے مطابق لیبیا کے تیل سے مالامال علاقے راس لانوف میں جمعرات کے دن سہ پہر کے وقت ایک کار بم دھماکہ ہوا جس میں کم از کم چار افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔ اس بم دھماکے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
موصولہ رپورٹوں کے مطابق زلیٹن شہر میں جمعرات کے دن صبح کے وقت ہونے والے ٹرک دھماکے میں مارے جانے والوں کی تعداد ستّر تک پہنچ گئی ہے۔ لیبیا کی تیل کی تنصیبات کی سیکورٹی گارڈ کے ترجمان علی الحاسی نے کہا ہے کہ السدرہ اور راس لانوف بندرگاہوں کے مضافات میں واقع تکفیری دہشت گردوں اور ان بندرگارہوں کی سیکورٹی گارڈ کے درمیان ہونے والی جھڑپوں کے نتیجے میں تیل کے پانچ کنووں میں آگ لگ گئی ہے۔ علی الحاسی نے مزید کہا کہ السدرہ اور راس لانوف بندرگاہوں پر سیکورٹی گارڈ کا کنٹرول ہے لیکن ان کے ارد گرد جھڑپیں جاری ہیں۔
دریں اثنا لیبیا کے تیل سے مالا مال علاقوں کی جانب دہشت گرد گروہ داعش کے عناصر کی پیش قدمی کے بعد لیبیا کی نیشنل آئل کمپنی کے سربراہ نے اس ملک کے سیاسی گروہوں سے کہا ہے کہ وہ دشمن کا مقابلہ کرنے کے لئے متحد ہو جائیں۔