Jan ۱۷, ۲۰۱۶ ۱۱:۵۷ Asia/Tehran
  • عراق میں دہشت گردوں کے خلاف فوج کی کامیابیوں کا سلسلہ جاری

عراقی فوج نے صوبہ الانبار کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرانے کے آپریشن کے دوران اس صوبے کی ثرثار جھیل کے جنوب مشرقی علاقوں کو داعش دہشت گردوں کے قبضۓ سے آزاد کرا لیا ہے۔

عراقی نیوز ایجنسی واع کی رپورٹ کے مطابق عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے الرمادی کے شمال میں بیس کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ثرثار جھیل کے جنوب مشرقی علاقوں کو آزاد کرا لیا ہے اور اس علاقے میں بیس کلومیٹر تک پیش قدمی کی ہے۔

اس آپریشن میں دسیوں دہشت گرد ہلاک ہو گئے جبکہ ان کی کئی گاڑیاں اور ٹھکانے تباہ کر دیے گئے۔

صوبہ الانبار کے آپریشن کے کمانڈر اسماعیل المحلاوی نے کہا ہے کہ عراقی فورسز نے فضائیہ کی مدد سے السجاریہ کا علاقہ اور الرمادی کے مشرق میں جوبیہ کے وسیع علاقوں کو تکفیری دہشت گرد گروہ داعش کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے۔

اس موقع پر ہونے والی جھڑپوں میں کم از کم انتیس دہشت گرد ہلاک ہو گئے اور ان کے چار خفیہ ٹھکانوں اور سات فوجی گاڑیوں کو تباہ کر دیا گیا۔

دوسری جانب عراق کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ رمادی شہر کے مغرب میں واقع حدیثہ ضلع پر داعش کے دہشت گردوں کا حملہ پسپا کر دیا گیا ہے اور انھیں بھاری جانی و مالی نقصان پہنچا ہے۔

ٹیگس