عراق کے وزیر خارجہ کی ترکی پر شدید تنقید
عراق کے وزیر خارجہ ابراہیم جعفری نے کہا ہے کہ بغداد اب اپنی سرزمین پر ترک فوجیوں کی موجودگی کو برداشت نہیں کر سکتا۔
السومریہ نیوز کی رپورٹ کے مطابق عراقی وزیر خارجہ نے بغداد میں امریکہ اور فرانس کے سفیروں اور برطانیہ کے نائب سفیر سے ملاقات میں کہا کہ عراق کی سرزمین پر ترک فوجیوں کی موجودگی اقتدار اعلی کی کھلی خلاف ورزی اور اچھی ہمسائیگی کے برخلاف ہے۔ انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ عراق نے اب تک اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے سفارتی راستہ اختیار کیا ہے لیکن ترکی نے ابھی تک کوئی جواب نہیں دیا ہے۔ عراقی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ عراقی سرزمین پر ترکی کی موجودگی اب ناقابل برداشت ہوتی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ ترکی نے دسمبر دو ہزار پندرہ میں اپنے دسیوں فوجی عراق کے شمالی شہر موصل کے قریب بعشیقہ کے علاقے میں تعینات کر دیے اور دعوی کیا کہ اس کے اس اقدام کا مقصد داعش کا مقابلہ کرنے کے لیے کرد پیشمرگہ فورس کو تربیت دینا ہے۔ عراقی حکومت نے ترکی کے دعووں کو مسترد کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ ان فوجیوں کو عراق کی سرزمین سے فورا نکل جانا چاہیے۔