Jan ۲۴, ۲۰۱۶ ۱۵:۳۱ Asia/Tehran
  • داعش عصر حاضر کا سب سے خطرناک چیلنج ہے: عراقی صدر فواد معصوم

عراق کے دارالحکومت بغداد میں اسلامی بین الپارلیمانی یونین کا دو روزہ اجلاس اتوار کو شروع ہوگیا ۔

اس اجلاس سے خطاب میں عراق کے صدر فواد معصوم ، وزیراعظم حیدرالعبادی اور اسپیکر سلیم الجبوری نے دہشت گرد اور تکفیری گروہ داعش کو عصر حاضر کا سب سے خطرناک چیلنج قرار دیتے ہوئے اس لعنت کو جڑ سے ختم کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے-

الفرات نیوز ایجنسی نے خبردی ہے کہ عراقی صدر فواد معصوم نے بغداد میں اسلامی ملکوں کی انٹر پارلیمنٹری یونین کے گیارہویں اجلاس کی افتتاحی تقریب سے، جس میں پارلیمانی اسپیکر شریک ہیں، خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسانوں کے درمیان محبت و درگزر کا جذبہ رکھے بغیر کبھی بھی امن قائم نہیں کیا جاسکے گا اور نہ ہی ترقی کی جاسکے گی - انہوں نے دین مبین اسلام کو بدنام کرنے اور اسلامی ملکوں میں مسلکی اختلافات کو ہوا دینے کی دشمنوں کی سازشوں کا ذکرکرتے ہوئےکہاکہ دہشت گرد گروہ داعش اس وقت سب سے خطرناک چیلنج بن چکا ہے اور عراق اس خطرناک لعنت سے چھٹکارا حاصل کرنے اور مسلمانوں اور امن و بھائی چارے کی بنیاد پر استوار ان کے دین کا حقیقی چہرہ دنیا کے سامنے پیش کرنے کی کوشش کر رہا ہے -

عراق کے وزیراعظم حیدرالعبادی نے بھی اس اجلاس میں تقریرکرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد اور تکفیری عناصر دوسرے ملکوں سے عراق میں داخل ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ اس دہشت گرد گروہ میں شامل ہونے کے لئے ہر ملک کے لوگ عراق آئے ہیں - عراقی وزیراعظم نے تیل کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے دنیا میں جاری اقتصادی بحران کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ داعش کے خلاف جنگ کی وجہ سے عراقیوں کے لئے یہ مشکلات کئی گنا زیادہ ہوگئی ہیں - انہوں نے کہا کہ بے روزگاری مختلف ملکوں میں بحران پیدا ہونے کا ایک سبب ہے ان کا کہنا تھا کہ یہ مسئلہ خانہ جنگی پر منتج ہوتاہے اور پھر یہ صورتحال تباہ کن دہشت گردی سے بھی بدتر ہوجاتی ہے -

واضح رہےکہ اسلامی ملکوں کے پارلیمانی اسپیکروں کا گیارہواں اجلاس اتوار کو بغداد میں شروع ہوا جو پیرکو بھی جاری رہے گا- اس اجلاس میں چالیس اسلامی ملکوں کے وفود شریک ہیں -

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عراق کی پارلیمنٹ کے اسپیکر سلیم الجبوری نے بھی کہا کہ علاقے میں دہشت گردی کا خاتمہ جڑ سے کیا جانا چاہئے اور اس کے لئے ہمہ گیر کوشش ہونی چاہئے - ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کا بحران سبھی ملکوں کی مدد سے حل ہوگا اور اس سلسلے میں اسلامی ملکوں کو موثر کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے - انہوں نے اجلاس میں شریک ملکو‎ں سے کہا کہ وہ داعش کے خلاف جنگ میں عراق کی مدد کریں تاکہ اس گروہ کا قلع قمع کیا جاسکے –

ٹیگس