داعش کی بربریت، اپنے ہی افراد کے سر قلم کر دیے
عراق میں دہشت گرد گروہ داعش نے اپنے ان عناصر کا سرعام سر قلم کر دیا ہے جو موصل سے فرار کرنا چاہتے تھے
خبروں میں بتایا گیا ہے کہ داعش نے ان بیس دہشت گردوں کا جو موصل کے قریب ایک چیک پوسٹ کو چھوڑ کرفرار کر گئے تھے گرفتار کر کے سب کے سامنے سرقلم کر دیا- عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ داعش اپنے فرار ہونے والے ساتھیوں کو سرعام موت کی سزا دے کر اپنے دیگر عناصر کو یہ پیغام دیتا ہے کہ کسی کو داعش کی چیک پوسٹوں اور محاذوں سے فرار کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی-
اس سے پہلے عراقی فوج کے ذریعے داعش کے زیرقبضہ ایک بڑے شہر کو آزاد کرا لئے جانے اور داعش کے عناصر کے موصل کی جانب فرار کر جانے پر اس گروہ نے اپنے بہت سے ساتھیوں کو جن میں متعدد سرغنے بھی شامل تھے زندہ جلا دیا تھا- گذشتہ برس نومبر میں بھی داعش نے اپنے ستر سے زیادہ دہشت گردوں کو اس وقت گولیاں مار کر ہلاک کر دیا تھا جب وہ سنجار میں پیشمرگہ سے لڑائی میں شکست کھانے کے بعد فرار ہو رہے تھے-
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ عراق اور شام میں اپنے زیرقبضہ علاقوں سے پسپائی اختیار کرنے کی وجہ سے داعش کو سخت مالی مشکلات کا سامنا ہے اور ان مشکلات کی وجہ سے داعش سے فرار کرنے والے عناصر کی بڑی تعداد کو اس دہشت گرد گروہ نے قتل کر دیا ہے-