Feb ۰۱, ۲۰۱۶ ۱۶:۵۲ Asia/Tehran
  • عراق کی تقسیم سے اس ملک کے اہل سنت کو نقصان پہنچے گا: سنی عالم دین خالد الملا

عراق میں وفاق علمائے اہل سنت کے سربراہ شیخ خالد عبدالوہاب الملا نے خبردار کیا ہے کہ عراق کی تقسیم سے اس ملک کے اہل سنت کو نقصان پہنچے گا۔

عراق کے ممتاز عالم اہل سنت اور مذہبی رہنما شیخ خالد الملا نے پیر کو اپنے ایک بیان میں عراق کی تقسیم کی سازش میں دہشت گرد گروہوں کے ساتھ بعض عراقی سیاستدانوں کے بھی شریک ہونے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عراق کی تقسیم کی اس خطرناک سازش کا ہمیشہ کی طرح سب سے زیادہ نقصان اہل سنت کو ہو گا- عراق کے اہل سنت عالم دین خالد الملا نے عراق کی تقسیم کے لئے انجام دئے جانے والے ہر طرح کے اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ عراق کے جو سیاستداں عراق کی تقسیم کی سازش میں شریک ہیں ان میں اور منافقوں میں کوئی فرق نہیں ہے-

عراق کے سنی علما کی تنظیم کے سربراہ خالد الملا نے کہا کہ عراق کو تقسیم کرنے کا دشمنوں کا مقصد طویل المیعاد مسلکی اور فرقہ وارانہ جنگ کی آگ بھڑکانا ہے - انہوں نے کہا کہ عراقی عوام کو چاہئے کہ اپنی صفوں میں اتحاد اور یکجہتی کو مضبوط بنائیں تاکہ دہشت گردوں کے جرائم سے محفوظ ہو کر پوری عزت و وقار کے ساتھ اپنی زندگی بسر کریں-

اتوار کو عراق کے سابق وزیراعظم نوری المالکی نے بھی عراق کے خلاف نئی سازشوں کی بابت خبردار کیا تھا اور کہا تھا کہ یہ سازشیں علاقے اور خاص طور پر عراق کو تقسیم کرنے اور فرقہ وارانہ جنگ کی آگ بھڑکانے کے لئے کی جا رہی ہیں۔

ٹیگس